عظمیٰ نیوز سروس
جموں// آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے ہفتہ کے روز سنگھ اور اس سے منسلک گروپوں کو ماحول کے تحفظ، سماجی ہم آہنگی کو مستحکم کرنے اور ملک میں روایتی خاندانی نظام کو مضبوط کرنے کے لیے کام کرنے کی تلقین کی۔تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ وہ یہاں آر ایس ایس سے وابستہ مختلف تنظیموں کے سمانواہ بیتک سے خطاب کر رہے تھے۔سنگھ پریوار کی 38 تنظیموں کے 100 سے زیادہ سویم سیوکوں نے میٹنگ میں شرکت کی جس میں مختلف سماجی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بھاگوت، جو جمعہ کو تین روزہ دورے پر جموں پہنچے، نے تنظیمی نیٹ ورک کو مزید پھیلانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ آر ایس ایس کے پیغام کو ہر گھر تک پہنچایا جا سکے۔انہوں نے خاص طور پر 2025 میں منائے جانے والے آر ایس ایس کی بنیاد کی صد سالہ تقریبات سے پہلے تنظیم کے نیٹ ورک کو پھیلانے پر توجہ دی۔سمانواہ بیتک میں، آر ایس ایس کے سربراہ نے گائوں اور دیہی معیشت کی ترقی کے لیے مقامی اکائیوں کے ذریعے شروع کیے گئے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے ان اراکین کو کچھ تجاویز دیں جنہوں نے گائوں کی ترقی اور معاشرے میں سماجی ہم آہنگی کے لیے منصوبے لیے ہیں۔بھاگوت نے شہر کے کیشو بھون میں سیوا بھارتی کے ہاسٹل کے طلبہ سے بھی بات چیت کی۔وہ اتوار کو کٹھوعہ ضلع میں رضاکاروں سے خطاب کرنے والے ہیں۔
آر ایس ایس نیٹ ورک پھیلانے کی ہدایات
