عظمیٰ نیوز ڈیسک
چندھی گڑھ//آرینز گروپ آف کالجز کے ایک وفد نے گورنر پنجاب گلاب چند کٹاریہ سے ملاقات کی جس میں ڈاکٹر انشو کٹاریہ صدر، پنجاب ان ایڈیڈ کالجز ایسوسی ایشن (پی یو سی اے) کی قیادت میں تھے۔ پنجاب راج بھون میں پنجاب کے گورنر اور یو ٹی چندی گڑھ کے ایڈمنسٹریٹر کی صدارت میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ گلاب چند کٹاریہ نے جوشی فانڈیشن، کھنہ فانڈیشن، گریوال فانڈیشن، اور سیمپلا فانڈیشن کے اشتراک سے پنجاب کے ماہرین تعلیم کے ساتھ منشیات سے متعلق آگاہی پر ایک مکالمے کی میزبانی کی۔تقریب کے دوران تقریبا 50 یونیورسٹیوں، سکولوں اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ماہرین تعلیم نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پنجاب میں منشیات کے استعمال کے مسئلے کو مؤثر طریقے سے حل کرنے کیلئے مکمل تعاون کا وعدہ کیا۔ماہر تعلیم نے گورنر کو ان کے کیمپس میں منعقد کی جانے والی مختلف بیداری سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جس کے نتیجے میں نوجوانوں میں منشیات کے استعمال میں کمی آئی ہے۔اپنے خطاب میں گورنر پنجاب کٹاریہ نے منشیات کی لعنت کی برائی کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ صرف ایک علاقائی مسئلہ نہیں ہے بلکہ ایک قومی بحران ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف یہ جنگ معاشرے کے تمام طبقات بشمول حکومت، سماجی تنظیموں، تعلیمی اداروں، این جی اوز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں سے ہی جیتی جا سکتی ہے۔ڈاکٹر انشو کٹاریہ نے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے گئے قابل ذکر قدم کو سراہا۔ انہوں نے گورنر کو یقین دلایا کہ تقریبا 400 تکنیکی ادارے جہاں 8 سے 9 لاکھ کے قریب طلبا اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔
اس مہم کی حمایت کریں گے اور پنجاب کے ہر ضلع میں آگاہی پھیلانے کے لیے دن رات کام کریں گے۔