یو این آئی
سرینگر//محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ وادی میں پیر کی شام سے ہلکے درجے کے برف و باراں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔متعلقہ محکمے نے بتایا کہ 26 فروری کی شام سے 27 فروری کی دوپہر تک پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی میں بعد ازاں 28 اور 29 فروری کو بھی مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد وادی میں موسم وسیع پیمانے پر خراب ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ نے بتایا کہ یکم سے 3 مارچ تک وادی کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری اور بارشیں جبکہ بعض پہاڑی علاقوں میں بھاری برف باری ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے اور تیز ہوائوں کے چلنے کا بھی امکان ہے۔
’کشمیر ویدر‘ کی پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ ایک مضبوط مغربی ہوائوں کے دبائو کا مرحلہ1 اور 3 مارچ کے درمیان جموں و کشمیر کو متاثر کرنے والا ہے۔ اس کے زیر اثر جموں و کشمیر میں اعتدال سے لے کر بہت تیز بارش اور برف باری کی توقع ہے۔بارش اور برف باری کی سرگرمیاں 1 مارچ کی صبح سے شروع ہونے والی ہیں، لیکن سب سے زیادہ اثر 2 مارچ کو دیکھا جائے گا۔ابتدائی طور پر، صرف میدانی علاقوں میں اعتدال سے لے کر بھاری بارش کا امکان ہے، جو 2 مارچ کو برف باری میں تبدیل ہو سکتی ہے اگر شدید بارش جاری رہی۔ اونچے علاقوں میں 3 مارچ تک بھاری سے بہت بھاری برفباری کی توقع ہے۔ جموں خطہ میں بھی اعتدال سے بھاری بارش کی توقع ہے، بانہال، کشتواڑ اور بھدرواہ جیسے اونچے علاقوں میں برفباری کے امکانات ہیں۔جموں سرینگر قومی شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ اور پتھرگرنے کا امکان ہے۔ 4 مارچ تک ہائی وے پر سفر کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔