آتشی کے پرچم لہرانے پر پابندی | عآپ لیڈران کا منتخب حکومت کے خلاف کارروائی پر برہمی

یو این آئی

نئی دہلی// عام آدمی پارٹی کی سینئر لیڈر اور دہلی کی وزیر آتشی نے کہا کہ ہر آمر اپنے مخالفین کو خاموش کرانے کیلئے انہیں جیل میں ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔ پارٹی کی نئی ڈی پی مہم ‘ستیامیو وجے ‘ کا آغاز کرنے کے بعد آتشی نے کہا کہ گزشتہ برسوں سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی آمر حکومت نے عام آدمی پارٹی کو ہراساں کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کے خلاف جھوٹے مقدمے درج کیے گئے، چھاپے مارے گئے لیکن بدعنوانی کا ایک روپیہ بھی نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو جیل میں ڈال دیا گیا۔ منیش سسودیا، ستیندر جین، سنجے سنگھ اور وزیر اعلی اروند کیجریوال کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایسی گرفتاریاں ہمیں جدوجہد آزادی کی یاد دلاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی انگریزوں کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو جھوٹے مقدمات کے تحت جیلوں میں ڈالا گیا تھا ۔آپ لیڈر نے کہا کہ ہر ڈکٹیٹر اپنے مخالفین کو خاموش کرنے کیلئے انہیں جیل میں ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔ بی جے پی نے بھی سوچا تھا کہ وہ اپنی آمریت سے عام آدمی پارٹی کو دبا کر توڑ دے گی لیکن ان کی ہر ممکن کوشش کے باوجود عام آدمی پارٹی نہیں ٹوٹی اور بالآخر سچائی کی فتح ہوئی اور منیش سسودیا جیل سے باہر آگئے۔ادھردہلی حکومت کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ (جی اے ڈی) نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی غیر موجودگی میں کابینہ وزیر آتشی آئندہ یوم آزادی پر پرچم نہیں لہرا سکتیں۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے وزیر گوپال رائے نے دراصل جی اے ڈی کے ایڈیشنل چیف سکریٹری کو کل ایک خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سے ملنے آئے ہیں۔