عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// کنگن، کپواڑہ ،حاجن اورکرگل میں آتشزدگی کی چار الگ الگ وارداتوں میں دو رہائشی مکان،مسجدشریف اور ایک شیڈ خاکستر ہوا ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ شمالی ضلع بانڈی پورہ کے حاجن علاقے میں درمیانی شب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً مکان کو لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں رہائشی مکان پوری طرح سے خاکستر ہوا۔بلتی بازار کرگل میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں مسجد شریف خاکستر ہوگئی جبکہ ناراناگ کنگن میں ایک منزلہ رہائشی مکان خاکستر ہوا۔ کرگل ضلع کے بلتی بازار میں قائم مسجد شریف میں اچانک آگ نمودار ہوا جس کے نتیجے میں مسجد شریف خاکستر ہوگئی۔ اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ فائر سروسز اورپولیس موقع پر پہنچ گئے اور آگ کو مزید پھلنے سے روکا۔ ادھر ناراناگ کنگن میں زینہ بیگم کا ایک منزلہ رہائشی مکان آگ کی واردات میں خاکستر ہوگیا ۔ اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے۔معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔دریں اثنا کپواڑہ میں اتوار کے روز آگ کی ایک واردات میں شیڈ خاکستر ہوا ہے۔پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔