عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// پارلیمانی انتخابات 2024 کے پانچویں مرحلے کے پیش نظر، آئی جی پی کشمیر شری وی کے بردی نے اتوارکو شمالی کشمیر رینج کے تمام اضلاع کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکورٹی انتظامات، امن و امان کی صورتحال اور انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اپنے دورے کے دوران، آئی جی پی کشمیر نے ڈی آئی جی این کے آر ویوک گپتاکے ہمراہ تمام اضلاع کے ایس ایس پی اور دیگر زونل اور سیکٹر پولیس افسران سے ملاقات کی۔ انہوں نے پولنگ میٹریل کی تقسیم کو بھی چیک کیا اور پولنگ پارٹیوں کی ترسیل کی نگرانی کی۔تمام ایس ایس پی نے آئی جی پی کشمیر کو تعیناتی کے منصوبوں، سیکورٹی اور ہنگامی انتظامات اور پولنگ پارٹی کے انتظامات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے شری بردی کو پولیس کی جانب سے آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔آئی جی پی کشمیر نے پولیس افسران کو مزید چوکس رہنے، پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے اور کامیاب انتخابات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔