عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// اِنسٹی چیوٹ آف سیکرٹریٹ ٹریننگ اینڈ مینجمنٹ نئی دہلی (آئی ایس ایم ٹی) کے 33 زیر تربیت اَفراد کے ایک وفد نے اِنڈیا اِنٹرنیشنل کشمیر ٹریڈ سینٹر آئی آئی کے ایس ٹی سی دوسو پانپور کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے دورہ کرنے والے وفد کا اِستقبال سینٹر میں کیا۔ وفد نے آئی آئی کے ایس ٹی سی کے مختلف سیکشنوںکا دورہ کیا جہاں اُنہیں متعلقہ افسران نے سینٹر کے کام کے بارے میں جانکاری دی ۔بعد میں ڈائریکٹر زراعت نے وفد کے ساتھ ایک اِستفساری میٹنگ کی صدارت کی ۔اُنہوں نے علاقے میں زعفران کی فصل کی موجودہ صورتحال اور قومی اور بین الاقوامی سطح پر زعفران کے فروغ کے لئے اِنڈیا انٹرنیشنل کشمیر زعفران ٹریڈ سینٹر کے کردار پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے میٹنگ کو گزشتہ چند برسوںمیں زعفران کی فصل کی بحالی کے لئے محکمہ کی اقدام کے بارے میں آگاہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ نے آئی آئی کے ایس ٹی سی میں ای ۔نیلامی کی سہولیت کے علاوہ دبئی، ابوظہبی اور دیگر بین الاقوامی مارکیٹوں جیسی عالمی مارکیٹوں میں زعفران کے ٹیگ والے اپنے جی آئی کو پیش کرنے کے لئے ایک کثیر جہتی مارکیٹنگ حکمت عملی متعارف کی ہے۔
بعد ازاں، وفد نے آئی آئی کے ایس ٹی سی میں تعاون اور انتظامات کیلئے ڈائریکٹر زراعت کشمیر کا شکریہ اَدا کیا۔