راجوری//باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے شعبہ عربی میں الوداعیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ایم اے عربی کے جونیئر طلبانے ایم اے فائنل کے طلباکوالوداعی پارٹی دی ۔اس پروگرام کی صدارت پروفیسر جی ایم ملک ڈین شعبہ عربی ،اردو اور اسلامک اسٹیڈیزنے کی۔اس موقعہ پر شعبہ عربی ،اردو اور اسلامک اسٹیڈیز کے صدر ڈاکٹر شمس کمال انجم،ڈاکٹر منظر عالم،ڈاکٹر محمد عفان اور ڈاکٹر محمد اعظم بھی موجود تھے ۔پروفیسر جی ایم ملک نے فارغین طلبا کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے انہیں اپنے مقصد حیات میں کا میاب ہونے کے لئے محنت ولگن اور نیک نیتی سے کام کرنے کی تلقین کی ۔انہوںنے کہاکہ زندگی کی راہوں پہ ایک عزم لے کر آگے بڑھنا چاہیے کیونکہ آج کا دور نئے علوم وفنون کا دور ہے اس لئے زندگی کے نئے چیلنجزکا سامنا کرنے کے لئے طلباء کو نہایت ذہین اور ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر شمس کمال انجم نے کہاکہ جونیئر طلبا کا سینئر طلبا کو الوداعی پارٹی دینا ایک اچھی روایت ہے اور اس سے علمی وادبی د ا نشگاہوں میں اخلاقی قدروں کو فروغ ملتا ہے۔انہوںنے طلباء سے تاکید کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ محنت کریں اور اپنے مستقبل کو روشن بنانے کی ہرممکن کوشش کریں ۔ڈاکٹر منظر عالم نے کہا کہ وقت اور حالات ایک جیسے نہیں رہتے لہٰذا دنیا میں وہی شخص کامیاب ہوتا ہے جو وقت اور حالات کی نزاکت کو جانتا ہے۔انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ طلبااپنے اخلاق وکردار کا خاص خیال رکھیں۔ڈاکٹر محمد عفاّن نے سینئر طلبا کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہر برس کی طرح اس برس بھی ایم اے عربی کے فارغین طلبہابڑے وفادار،مہذب اور بااخلاق ہیں۔انہوںنے کہاکہ استاد اور شاگرد کا رشتہ بڑا مقّدس ہے جس کو دیر تک نبھانے کی ضرورت ہے۔انہوںنے طلباء کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں محنت ولگن سے آگے بڑھنے کی تلقین کی۔الوداعی تقریب میں مختیار علیمی ،تعبیر حسین شاہ ،وسیم عباس ،عبید ا للہ خان ،اعجاز الحق،رابعہ ،طالبہ جبین ،نعیم فاطمہ زہرہ فاطمہ ،رابعہ صنم ،فرید فضل ،اعجاز الحق ، محمد ایوب وغیرہ نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔نظامت کے فرائض تسلیم انجم اور رابعہ امین نے انجام دیئے جبکہ شکریہ کی تحریک عبدالرشید نے پیش کی۔