محمد تسکین
بانہال// سرینگرجموں شاہراہ پرجمعرات کو دوطرفہ ٹریفک جاری تھا اور موسم ابرآلودہونے کے باوجودٹریفک کی نقل وحمل پر کوئی اثر نہیں پڑا۔سہ پہر اگرچہ بانہال اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش شروع ہوئی تاہم مسافر گاڑیوں کی دوطرفہ اور مال بردارٹرکوں کی یکطرفہ آمدورفت جاری تھی۔ ٹریفک حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ جمعرات کی صبح سے ہی مسافر بردار گاڑیوں کو دونوں طرف سے مقررہ کئے گئے اوقات کے دوران چلنے کی اجازت تھی جبکہ سہ پہر بعد سے قاضی گنڈ سے ٹرکوں اور ٹینکروں کو جموں کی طرف جانے کی اجازت دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ مجموعی طور پر بغیر کسی خلل کے قابل آمدورفت رہی ،تاہم ڈھلواس سمیت شاہراہ کے چند مقامات پر ٹریفک کی روانی سست روی کا شکار رہی۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات شام تک بانہال اور بانہال کے سیکٹر میں ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری تھا تاہم اس سے شاہراہ کے ٹریفک پر کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔