جموں//فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم اَتل ڈولو نے غیر ضروری اموات سے بچنے کے لئے ہسپتال کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ طلب کی۔ میٹنگ میں پرنسپل جی ایم سی ، سربراہ شعبہ میڈیسن ، سربراہ شعبہ اینستھیزیا ، سربراہ شعبہ امراض پھیپھڑے اور متعلقہ محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔ شروع میں فائنانشل کمشنر نے سینئر اَفسران سے آکسیجن سہولیت کے ساتھ یا بغیر ہسپتالوں میں آئیسولیشن بستروں کی دستیابی، وینٹی لیٹروں ، ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے سے مریضوں کی کنسلٹنسی اور وارڈوں کے رائونڈوں کے بار ے میں جانکاری طلب کی۔متعلقہ اَفسران نے ایمرجنسی اور دیگر معاملات سے نمٹنے کے لئے اپنی تیاریاں کے بارے میںفائنانشل کمشنر کو جانکاری دی۔ اموات پر شدید تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے فائنانشل کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ علاج و معالجہ کے رہنما خطوط اور پروٹوکال پر سختی سے عمل کریں اور کسی بھی قسم کی غفلت نہ ہونے دی جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اور دیگر عملہ دستیاب رہے اوراپنی ڈیوٹی شیڈول کے مطابق وارڈوں کا رائونڈکیاکریں۔ اَتل ڈولو نے افسران کو ہدایت دی کہ کووِڈ اور غیر کووِڈ مریضوں کو بغیر کسی تاخیر کے علیٰحدہ وارڈوں میں رکھیں تاکہ بغیر کسی رکاوٹ آکسیجن کی فراہمی والے کووِڈ اور غیر کووڈمریضوں کے علاج و معالجہ پر خصوصی توجہ مرکوز کی جاسکے۔ ایف سی نے سینئر اَفسران سے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی تیاریوں کا جائزہ لے کر نگہداشت کی اہم سہولیات حاصل کرکے ہسپتال کے کام کاج کو مستحکم کریں۔ اُنہوں نے انہیں ہدایت دی کہ وہ کسی بھی طرح کی صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہیں۔اَتل ڈولو نے کہا کہ طبی علاج کے خواہاں مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے مربوط کوششیں کی جائیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی وجہ سے غیر ضروری موت نہیں ہونی چاہیئے۔