سرینگر//آئے دنوں بجلی سپلائی میں رکاوٹ کے خلاف ہدی پورہ رفیع آبادکے صارفین نے زورداراحتجاج کیا۔انجینئروں پرحقوق صارفین کی خلاف ورزی کاالزام عائدکرتے ہوئے صارفین نے کہاکہ160گھروںاور30کارخانوں کیلئے صرف ایک بجلی ٹرانسفارمرنصب ہے جوآئے دنوں دباﺅ بڑھتے ہی خراب ہوجاتاہے۔ہدی پورہ رفیع آباد کے بجلی صارفین اورکارخانہ داروں نے جمعرات کومقامی چوک میں جمع ہوکرمحکمہ بجلی کیخلاف صدائے احتجاج بلندکیا۔جامع محلہ ہدی پورہ کے بجلی صارفین کاکہناتھاکہ یہ بستی 160گھرانوں پرمشتمل ہے جبکہ یہاں لگ بھگ30کارخانے یعنی بینڈساملز بھی موجودہیں لیکن اتنالوڈہونے کے باوجودمحکمہ بجلی کی جانب سے یہاں 250کلوواٹ والاصرف ایک بجلی ٹرانسفارمرنصب کیاگیاہے جودباﺅ بڑھتے ہی خراب ہوجاتاہے ۔محکمہ بجلی اورمتعلقہ انجینئروں کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاجی صارفین نے کہاکہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران کئی مرتبہ یہ ٹرانسفارمرخراب ہواہے ۔انہوں نے دھمکی دی کہ اگرمحکمہ بجلی نے اُنکے جائزمطالبات کوپوراکرتے ہوئے کم سے کم تین نئے ٹرانسفارمراورنئے کھمبے نصب کرانے کے ساتھ ساتھ بوسیدہ ہوچکی ترسیلی لائنوںکوتبدیل نہیں کیاتوپوراعلاقہ بجلی فیس کی ادائیگی بھی بندکردے گا۔ (کے این ایس)