دوہفتے میں ہی اکھڑنا شروع، عوام برہم ، انتظامیہ سے تحقیقات کا مطالبہ
زاہد بشیر
گول//گول میں قریباً دو ہفتوں سے مختلف سڑکوں پر میکڈم بچھانے کا کام محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے جاری ہے لیکن وہیں شروع سے ہی لوگوں نے سڑکوں پرمبینہ طور ناقص میٹریل استعمال پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور انتظامیہ نے حالات کا بھی جائزہ لیا لیکن اس کے با وجود یہ ناقص میٹریل کا سلسلہ جاری ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گول ایک سرد ترین علاقہ ہے جہاں پر اکتوبر کے وسط تک ہی یہ کام بہتر ہوتا ہے لیکن محکمہ نے اس کام کو نومبر سے شروع کیا اور آج منفی ڈگری سردی چل رہی ہے وہیں سڑکوں پر ناقص مٹی والا میٹریل کا بھی استعمال ہوا جس وجہ سے یہ میکڈم ایک ہفتے کے بعد ہی اکھڑنا شروع ہو گیا ہے ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے پیس اینڈ ویلفیر کمیٹی کے صدر عبدالرشید بیگ نے جائے موقعہ پر کہا کہ گول سلبلہ روڈ پر ابھی دو ہفتے بھی نہیں ہوئے میکڈم بچھانے کو لیکن یہ سارا آہستہ آہستہ اکھڑ رہا ہے اور اس میں ناقص میٹریل کا استعمال ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو سیاسی لیڈران تعمیر و ترقی کا دعویٰ کر رہے ہیں وہ یہ بھی دیکھیں کہ یہ کام بہتر ہو رہا ہے کہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صرف ربن کاٹنے سے کچھ نہیں ہوتا ہے بہتر کام کی طرف بھی توجہ دینی چاہئے ۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ ان لوگوں کی بھی اس میں حصہ داری ہے جس وجہ سے وہ خود اس نا قص کام کو دیکھتے ہوئے بھی چپ بیٹھے ہیں ۔ بیگ نے کہاکہ گول کی مختلف سڑکوں پر اس وقت بھی ناقص میٹریل کا استعمال ہو رہا ہے اور اتنی سرد راتوں میں بھی کام ہوتا ہے اور جو میکڈم وہ ڈالتے ہیں پھر وہ اتنی جلدی کیوں اکھڑ جاتا ہے اس کے لئے محکمہ کو جواب دینا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ گول سلبلہ روڈ پر دو ہفتے بھی نہیں ہوئے میکڈم اکھڑ گیا ہے اور کناروں پر مٹی بھی نہیں ڈالی ہے یہ بہت بڑی لا پروائی ہے ۔ انہوں نے ایس ڈی ایم گول سے مطالبہ کیا کہ وہ سڑکوں پر جا کر میکڈم کا جائزہ لیں اور محکمہ کو اس کام کو درست کروائیں تا کہ خزانہ عامرہ سے اس طرح کی لوٹ کھسوٹ بند ہو سکے اور زمینی سطح پر بہتر کام ہو سکے ۔