سرینگر// کشمیر اکنامک الائنس نے مٹن ڈیلروں کے ساتھ افہام و تفہیم کے ساتھ گوشت کی قیمتیں مقرر کرنے کی سرکار سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یکطرفہ فیصلے کے نتیجے میں بلیک مارکیٹنگ کا خدشہ لاحق ہے۔ الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار نے پیر کو صوبائی انتظامیہ کی جانب سے گوشت کی قیمت طے کرنے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گوشت کی قیمتوں کو طے کرنے کے دوران اس سے منسلک افراد کو بھی اعتماد میں لیا جانا چاہئے تھا۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے قیمتیں مقرر کرنے کے دوران ڈیلروں اور قصابوں کی آراء کو ملحوظ نظر نہیں رکھا،جس کی وجہ سے ان میں تشویش پیدا ہوگئی ۔ڈار نے سرکار سے اپیل کی کہ مٹن ڈیلروں کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔انہوں نے مٹن ڈیلروں کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے کہ شادیوں کے سیزن کے پیش نظر وہ ہڑتال نہیں کریںگے۔