جموں//چیف سیکرٹری بی بی وِیاس نے ملک بھر کے 21058 دیہات کے غریب کنبوں تک پہنچنے کے ایک کثیر سیکٹورل اقدا م گرام سوراج ابھیان کے حوالے سے مختلف محکموںکی تیاریوں کا جائز ہ لیا۔یہ مشن 14؍ اپریل سے 5؍ مئی 2018ء تک شروع کیا جائے گاتاکہ سات پروگراموں کے دائرے کار کو وسیع کیا جاسکے ۔ان میں پردھان منتری اجوالا یوجنا ، پردھان منتری سہج بجلی ہر گھر یوجنا ، اُجالا سکیم ، پردھان منتری جندھن یوجنا ، پردھان منتری جیون جوتی بیمہ یوجنا، پردھان منتری سرکھشا بیمہ یوجنا اور مشن اندردھنش شامل ہیں ۔اس مشن کے دوران جو سرگرمیاں شیڈول کی گئی ہے ان میں 14؍ اپریل کو سماجک نیائے دیوس شامل ہے ۔ اس دن ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا جنم دن منایا جاتا ہے ۔اس کے علاوہ 18؍ اپریل کو سوچھ بھارت دیوس، 20؍ اپریل کو اجوالا دیوس ، 24؍ اپریل کو راشٹریہ پنچایت راج دیوس ، 28اپریل کو گرام سوراج دیوس ، 30اپریل کو ایوشمان بھارت دیوس ، 2؍ مئی کو کسان کلیان دیوس اور 5 ؍ مئی 2018ء آجیو کادیوس شیڈ و ل کیا گیا ہے ۔گرام سوراج ابھیان کے دوران ریاست بھر میں خصوصی دنوں کے پروگرام منعقد کئے جائیں گے جس میں ریاستی اور مرکزی سرکاری محکموں اور مقامی طبقوں کی شراکت داری شامل کی جائے گی۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ سرگرمیوںپر مشتمل ایک کیلنڈر تیار کریں جس میں اہداف کا خاص طور سے ذکر ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیئے کہ مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کیلئے گرام پنچایت ، بلاک اور ضلع سطحوں پر ٹیمیں تعینات کئے جائیں ۔چیف سیکرٹری نے دیہی ترقی اور پنچایت راج کے انتظامی سیکرٹری سے کہا کہ وہ 9؍ اپریل کو ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کریں تاکہ ضلع انتظامیہ کے ساتھ بہتر رابطہ قائم کی جاسکے ۔