راجوری //بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے سابقہ وائس چانسلر پروفیسر ارشاد احمد حمال ایک مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں ۔ان کی وفات پر خطہ پیر پنچال کی کئی سیاسی سماجی و مذہبی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔وادی چناب سے تعلق رکھنے والے موصوف نے 2010سے 2015تک راجوری میں قائم کردہ یونیورسٹی میں بطور وائس چانسلر اپنی خدمات انجام دی ہیں جبکہ موصوف جموں کے ہسپتال میں گزشتہ روز زندگی کی جنگ ہار گئے ۔سابقہ وائس چانسلرکی وفات پر یونیورسٹ کے تمام فیکلٹی ممبران نے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔اس سلسلہ میں جاری ایک بیان میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اکبر مسعود نے مرحوم کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مرحوم نے یونیورسٹی کی تعمیر وترقی کیلئے نمایاں کارکردگی انجام دی ۔ان کے علاوہ ڈین اکیڈمک افیئر ودیگر سٹاف ممبران نے بھی گہرے صدمے کا اظہار کیا ۔اس کے علاوہ خطہ کے کئی سیاسی ،سماجی و مذہبی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔