مینڈھر //مینڈھر کے سب ڈسٹر کے ہسپتال میں کووروناوائرس کے دوران بھی بنیادی سہولیات کا مکمل فقدان پایا جارہا ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ہسپتال میں ابھی تک کووڈ کیساتھ نمٹنے کیلئے مکمل بندوبست ہی نہیں کئے جاسکے ہیں ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہسپتال کی قرنطینہ وارڈ میں محض 30بیڈ موجود ہیں جو کہ صرف کووڈ کی علامت والے مریضوں کیلئے رکھے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں صرف آٹھ آکسیجن سلنڈر موجود ہیں جن سے مذکورہ مریضوں کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں آکسیجن کی قلت تشویش ناک حد تک جاسکتی ہے جس کو دیکھتے ہوئے مزید آکسیجن سلنڈروں کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں 30مزید بستروں کا بندوبست کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جن کا جلد ہی بندوبست کیاجائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں صرف پانچ وینٹی لیٹر موجود ہیں جو کہ کووڈ کو دیکھتے ہوئے انتہائی کم ہیں ۔بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز خان نے بتایا کہ اس وقت محکمہ کووڈ جیسی صورتحال کیساتھ نمٹنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہے تاہم انہوں نے اقرار کرتے ہوئے کہاکہ اس سے قبل صرف تیس بستروں پر مشتمل علیحدہ وارڈ قائم کی گئی تھی تاہم اب اس کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کو منظوری دی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت ہسپتال میں پانچ وینٹی لیٹر موجود ہیں جبکہ موصوف نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اعلیٰ حکام مزید بندوبست کریں گے ۔