راجوری //راجوری ضلع میں کووڈ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف پولیس نے شکنجہ کستے ہوئے 27معاملے درج کر لئے گئے ہیں جبکہ اس دوران کئی افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے ۔جموں و کشمیر پولیس نے بتایا کہ راجوری ضلع میں کئی افراد کو دکانیں کھولنے کیساتھ ساتھ دیگر غیر قانونی سرگرمیوں انجام دینے پر جرمانہ کیا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں کیس بھی درج کئے گئے ہیں ۔پولیس نے جاری ایک بیان میں کہا کہ پورے ضلع میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے تاہم کئی جگہوں پر قاعدہ کیخلاف ورزی بھی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے وائرس کے پھیلائو کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ انچارج پولیس پوسٹ تریاٹھ نفری کیساتھ معمول کی گشت پر تھے تاہم اس دوران ٹھیکیدار سرجیت سنگھ اور ایک مقامی شخص رمیش چندر نے لینٹر کے سلسلہ میں پروگرام کا اہتمام کیا ہوا تھا جو کہ قاعدہ ک ے یکسر خلاف ہے ۔اس دوران 50سے زائد مزدور کام کررہے تھے جس کے بعد پولیس نے اس سلسلہ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک معاملہ درج کر لیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ موگلہ علاقہ میں ایک ٹاٹا موبائل گاڑی مسافر کو لے جارہی تھی جس پر پولیس کی جانب سے کارروائی عمل میں لائی گئی ۔اسی طرح پولیس نے ضلع کے دیگر حصوں میں کارروائی کرتے ہوئے 3لاکھ سے زائد جرمانہ بھی وصول کیا ہے ۔پولیس نے مکینوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ کووڈ ایس او پیز پرسختی کیساتھ عمل کرتے ہوئے کرفیو کے دوران گھروں سے باہر نہ آئیں جبکہ قاعدہ کیخلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔