نئی دہلی//صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے کووڈ متاثرین کے علاج کے طریقہ کار میں تبدیلی کرتے ہوئے 'ہوم آئسولیشن' کی مدت کو کم کر کے سات دن کر دیا ہے۔
بدھ کو یہاں جاری کردہ نظرثانی شدہ رہنما خطوط میں، وزارت نے کہا کہ کووڈ انفیکشن کی ہلکی اوردرمیانی علامات والے مریضوں کو ٹیسٹ کرانے کی تاریخ سے سات دن تک میڈیکل آفیسر کی ہدایت کے تحت 'ہوم آئسولیشن' میں رہنا چاہیے اور اگر آخری تین روز مسلسل بخارنہیں ہے، تو آئیسولیشن کی میعادختم ہوجائے گی۔ اس کے لئے مریض کو دوبارہ ٹیسٹ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ کووڈ سے متاثرہ مریض کی دیکھ بھال کرنے والے لوگوں میں اگرکووڈ کی کوئی علامات نہیں ہیں توانہیں کووڈ ٹیسٹ کرانا لازمی نہیں ہے۔
قابل ذکرہے کہ ملک میں کووڈ انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے۔ زیادہ تر لوگوں میں ہلکی اور درمیانی علامات سامنے آرہی ہیں۔ ان کا علاج 'ہوم آئسولیشن' میں کیا جا رہا ہے۔