عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کشمیر تا کنیا کماری (K2K) سائیکلنگ مہم کو جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کی سکریٹری نزہت گل نے سرینگر کے ٹی آر سی سٹیڈیم سے رسمی طور پر جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ہندوستان بھر سے کل 150 سائیکل سواروں نے اس شاندار سفر کا آغاز کیا، جن میں 20 خواتین اور کشمیر سے تعلق رکھنے والا ایک سائیکلسٹ رفیق احمد شامل ہے۔اس موقع پر نزہت گل نے کہا، “K2K مہم صرف برداشت کا امتحان نہیں ہے بلکہ اتحاد کے جذبے اور تنوع کو خراج تحسین ہے جو ہندوستان کو واقعی عظیم بناتا ہے، کشمیر کی سرزمین سے اس سفر کا آغاز ہندوستان کا تاج اسے اور بھی گہرا معنی دیتا ہے، یہ قوم کی طاقت، شمولیت اور اکائی کے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔”اگلے 18 دنوں میں، سائیکل سوار 4,249 کلو میٹر کا پیدل سفر کرتے ہوئے کشمیر کی پرسکون وادیوں سے کنیا کماری کے جنوبی سرے تک جائیں گے۔اس تقریب کا انعقاد جموں و کشمیر سپورٹس کونسل، فٹ انڈیا موومنٹ، اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا اور وزارت برائے امور نوجوانان اور کھیل حکومت ہند کے تعاون سے کیا گیا ہے۔ پرچم کشائی کی تقریب میں نوجوان کھلاڑیوں، کھیلوں کے شائقین اور مقامی شہریوں نے شرکت کی۔