عاصف بٹ
کشتواڑ //قصبہ کشتواڑ کی سڑکوں پر غلط پارکنگ و ٹریفک جام کے سبب عوام کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ انتظامیہ ومتعلقہ محکمہ کی خاموشی کی وجہ سے مذکورہ مشکل میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ حکام کی شدید لاپرواہی کی وجہ سے اسکولی طلباء و ملازمین کیساتھ ساتھ تاجروں و عام راہگیروں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے ۔قصبہ میں بس اسٹینڈ سے کلیدچوک تک اسکولی و دفتری اوقات کے دوران ہر روز اس قدر جام لگ جاتا ہے جسے گھنٹوں کھولنے میں لگ جاتے ہیں۔ اگرچہ پولیس و ٹریفک کے اہلکار محض چند مقامات پر نظر اتے ہیں جبکہ یہ قصبہ میں صبح کے وقت معمول بناہوا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ بیشتر دفاتر، اسکول کالج اس سڑک پر موجود ہے جسکے سبب صبح کے وقت بھیڑ کافی بڑھ جاتی ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں جہاں سڑک انتہائی تنگ ہی وہی لوگ سڑکوں پر گاڑیوں کو غلط پارکنگ کرکے چلے جاتے ہیں جبکہ پولیس و ٹریفک اہلکار خاموش تماشائی بنے ہوتے ہیں اور اس معاملے سے نمٹنے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے۔ ایک سرکاری ملازم نے بتایا کہ انھیں آدھا گھنٹہ پہلے ہی گھر سے دفتر نکلتا پڑتا ہے کیونکہ سڑک پر اس قدر جام لگا ہوتاہے کہ پانچ منٹ کا سفر پچیس سے چالیس منٹ میں طے ہوپاتا ہے۔ وہی کالج کے ایک طالب علم نے بتایا کہ وہ کالج پیدل جانے کو ہی ترجیح دے رہے ہیں کیونکہ سڑک پر ٹریفک جام اسقدر ہوتا ہے کہ اسے کھلنے میں گھنٹوں لگ جاتے ہیں۔ انھوں نے ایس ایس پی کشتواڑ و ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ غلط پارکنگ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عام لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔