پونچھ//چیئرمین جموں کشمیر انصاف موؤمنٹ جاوید اقبال ریشی اور مومنٹ کے رکن چوہدری محمد شریف کوہلی اور دیگران نے پونچھ میں موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ پر مختلف مسافر گاڑیوں کی جعلی اور بے بنیاد کرایہ لسٹ جاری کرنے کا الزام عائد کیاہے۔اپنے ایک بیان میں جاویدریشی نے کہا کہ اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر نے محکمہ تعمیرات عامہ سے سڑکوں کی تفصیلات لئے بغیر یہ فہرست تیار کی ہے جس کی وجہ سے کئی سڑکوں کی لمبائی کا زمینی حقائق سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ انہوں نے بہت سارے راستوں کا فاصلہ بتاتے ہوئے کہا کہ پونچھ سے ساتھرا تک کا فاصلہ صرف 15 کلو میٹر کا ہے جبکہ اس فہرست میں اے آر ٹی او نے 20 کلومیٹر بتایا ہے۔اسکے علاوہ بہت سارے راستے ہیں جو گاڑیوں کی نقل و حرکت کے لئے منظور نہیں ہوئے ہیں اور اے آر ٹی او نے ان سڑکوں کا کرایہ فکس کر دیا ہے۔انھوں نے مزید کہااگرچہ لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے بغیر کسی اضافے کے کوڈ۔19 کے لئے کچھ رہنما اصول جاری کئے تھے، ٹرانسپورٹرز نے اس کے باوجود پہلے سے ہی دونوں ہاتھوں سے مسافروں کو لوٹنا شروع کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 600 روپے کہ جگہ 1200 روپے پونچھ سے جموں تک کا کرایہ لینا شروع کیاگیا۔ اسی طرح پونچھ سے مینڈھر 100 کی جگہ 200، منڈی ، اسلام آباد ، کلائی ،سرنکوٹ اور بہت سے دوسرے سڑکوں کا کرایہ دوگنا کر دیا گیا تھا اور اے آر ٹی او نے اب ٹرانسپورٹر کی پسند کی قیمت طے کرکے اس کو اضافی کرایہ کو جائز قرار دیا ہے جوکہ غریبوں کیساتھ نا انصافی ہے ۔لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر کیساتھ ساتھ ضلع ترقیاتی کمشنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مرتب کردہ کرایہ لسٹوں پر نظر ثانی کر کے ناجائز عمل کو خارج کیا جائے ۔