پونچھ //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے اچانک سب ڈسٹر کٹ ہسپتال مینڈھر کا دورہ کر کے کووڈ کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔اس دوران ڈی سی کے ہمراہ ایس ایس پی پونچھ ،سب ڈویژن مجسٹریٹ مینڈھر ومحکمہ صحت کے دیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔آفیسر موصوف نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا ۔انہوں نے ہسپتال کے عملے سے کئے گئے انتظامات اور مریضوں کو فراہم کی جارہی سہولیات کے سلسلہ میں جانکاری حاصل کی ۔انہوں نے بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر ہسپتال میں کووڈ کیساتھ نمٹنے کیلئے 100اضافی بستروں کا بندوبست کیا جائے ۔انہوں نے متعلقہ آفیسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کے ٹیسٹ کریں تاکہ وائرس کے چین کو توڑا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ دیہات میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کووڈ کے سلسلہ میں بیدار کیا جائے ۔بھمبر گلی میں کووڈ ٹیسٹنگ سنٹر کا جائزہ لینے کے دوران ڈی سی نے تعینات ٹیم کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ ضلع میں بغیر ٹیسٹ کے کسی بھی شخص کو داخل نہیں ہونے دیا جائے تاکہ وائرس کے مزید پھیلائو کو کم کیا جاسکے ۔آفیسر موصوف نے کووڈ سے نمٹنے کیلئے متعلقہ آفیسران کیساتھ میٹنگ بھی منعقد کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تحصیلدار ،بلاک ڈیو لپمنٹ آفیسران ،بلاک میڈیکل آفیسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ صحت سکیم کے تحت مستحقین کی رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے کیلئے مہم شروع کی جائے ۔