پونچھ//آصفہ قتل کیس کی تحقیقات میں رخنہ ڈالنے کی مذمت کرتے ہوئے ڈگری کالج پونچھ کے طلبانے کٹھوعہ کے وکلاء کے رویہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔یہ احتجاج کالج کے احاطے میں کیاگیا جس دوران طلباء نے رخنہ ڈالنے والوں کے خلاف نعرے بازی کی ۔اس موقعہ پر مقررین نے بار ایسوسی ایشن جموں کی طرف سے رکھے گئے مطالبات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہاکہ پیشہ وارانہ اور ذمہ دار ادارے کے طور پربار ایسوسی ایشن جموں کو معصوم آصفہ کے ساتھ ہونے والے ظلم و بربریت پر تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے قصور واروں کے خلاف سخت سزا کا مطالبہ کرنا چاہئے تھا مگرحیران کن طور پر تنظیم مجرموںکو بچانے کے لئے غیر اخلاقی اور غیر ذمہ دارانہ رول ادا کررہی ہے اور اس معاملے کو غلط رنگت دی جارہی ہے ۔ انہوں نے گزشتہ روز کرائم برانچ کے کام میں خلل ڈالنے کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ آصفہ کے بیہمانہ قتل اور عصمت دری کے واقعہ کا تاحال کوئی نتیجہ سامنے نہ آنے سے لوگوں کا سرکار سے اعتماد اْٹھ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں سیول سوسائٹی کے بعض طبقوں کی طرف سے بار ایسوسی ایشن جموں کی حمایت بھی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت آصفہ معاملہ میں غلط اور مذہبی نعرہ بازی کر کے سراسر غلط کیا جا رہا ہے جس کے خلاف تمام انسانوں کو اٹھ کھڑا ہو جانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرکے ایک بار پھر اقتدار کی گدی سنبھالنے کی کوشش میں لوگ اس حد تک پہنچ گئے ہیں کہ انہیں انسانیت بھی دکھائی نہیں دے رہی ۔ان کاکہناتھا کہ اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو ریاست بھر کے طلباسڑکوں پر اتر کر احتجاج کریں گے۔