سرینگر//ڈپٹی کمشنر سرینگر،اعجازاسد نے جمعرات کو صنعتی بستی کھنموہ اور رنگریٹھ کا دورہ کرکے طبی معیار کے اکسیجن تیار کرنے والے متعدد پلانٹوں کا معائنہ کیا۔ان کے ہمراہ ناظم صحت ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگرخورشیداحمداور دیگر اعلیٰ حکام بھی تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ان اکسیجن پلانٹوں کے کام کاج کا معائنہ کیا اور ان کی صلاحیت کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔انہوں نے ان پلانٹوں کے انتظامیہ سے کہا کہ وہ تال میل کے ساتھ کام کرکے طبی معیار کے آکسیجن کی فراہمی اور اس کی ٹرانسپورٹیشن کو یقینی بنائیں ،تاکہ اسپتالوں میں کووِڈ- 19سے پیدا شدہ صورتحال کا مقابلہ کیا جاسکے ۔ڈپٹی کمشنر نے پلانٹ مالکان سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ وہ اسپتالوں کو بلا خلل طبی معیارکے آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنائے۔انہوں نے ان پلانٹوں میں آکسیجن کی پیداوار میں اضافہ کرنے پر بھی زوردیا۔انہوں نے کہا کہ اگر اسپتالوں کے بغیر کسی اور شعبے کو اکسیجن فراہم کرنے کی شکایت موصول ہوئی تو اس کاسخت نوٹس لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ بجلی کو ہدایت دی کہ وہ ان پلانٹوں کو بغیر خلل بجلی کی سپلائی یقینی بنائیں ۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ جے کے گیس پلانٹ رنگریٹھ میںروزانہ1300آکسیجن سلینڈر بھرے جارہے ہیں ۔اسی طرح میاں گیس پلانٹ اور سٹیلتھ آکسیجن کمپنی کھنموہ میں روزانہ500سلینڈروں کے برابر اکسیجن تیار کیاجاتا ہے جو اسپتالوں کو سپلائی کیا جاتا ہے ۔اس دوران ڈپٹی کمشنر نے آکسی جن تیار کرنے دو ناکارہ پلانٹوں کا قابل کار بنانے کی امکانات تلاش کرنے کی بھی ہدایت دی۔اس سے قبل ڈپٹی کمشنر نے کشمیرنرسنگ ہوم سونہ وار کا دورہ کرکے وہاں ایک ہزار لیٹر فی منٹ صلاحیت والے آکسیجن پلانٹ پر ہورہے کام کی پیش رفت کاجائزہ لیااورمتعلقہ انجینئروں کو چوبیس گھنٹوں کے اندر اس پلانٹ کو قابل کار بنانے کی ہدایت دی۔