ڈورو// //جنوبی کشمیر میں عیدالفطر کی تقریب پر پُرتشدد احتجاجی مظاہروںکے دوران سی آر پی سے وابستہ اسسٹنٹ کمانڈنٹ سمیت کئی اہلکار زخمی ہوئے ہیں ۔ڈورو شاہ آباد میں نماز عید کے فوراََ بعد نوجوانوں نے جلوس نکالا جس دوران اُنہوں نے اسلام و آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے ،بعد میں نوجوانوں نے ڈورو پولیس اسٹیشن کی جانب جونہی پیش قدمی کی تو پولیس نے مظاہرین کو روکنے کیلئے آنسو گیس کے گولے پھینکے جس کے جواب میں مشتعل نوجوانوں نے فورسز پر سنگباری کی ،جس کے سبب بازار میں افراتفری مچ گئی اور دکانیں فوراََ بند ہوئیں۔ اس بیچ سی آر پی سے وابستہ سنتوش کمار بیلٹ نمبر 041723718کی دائیں ہاتھ کی اُنگلیاں پتھر لگنے سے کٹ گئیں جس کو علاج معالجہ کیلئے آرمی اسپتال میں داخل کیا گیا ۔ویری ناگ میں بھی مشتعل نوجوانوں نے مغل باغ کے متصل سی آر پی کیمپ پر سنگباری کی جس کے سبب سیرو تفریح پر آئے لوگوںمیںافراتفری مچ گئی ۔فورسز اہلکاروں نے نوجوانوں کو منتشر کر نے کے لئے آنسوگیس کا استعمال کیا ہے ،کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی جھڑپ میں کئی نوجوان اور سی آر پی ایف سے وابستہ اسسٹنٹ کمانڈنٹ ارویند کمار زخمی ہو ئے ۔ ادھر ویری ناگ ٹریڈرس فیڈریشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ باغ سے متصل سی آر پی کیمپ کو فوری طور دوسری جگہ منتقل کیا جائے ،کیونکہ کیمپ کی موجودگی کے سبب اُن کے کاروبار پر منفی اثر پڑا ہے ۔