بھدرواہ //آل جموں و کشمیر پٹوار ایسو سی ایشن کی کال پر بھدرواہ میں پٹواریوں کی ہڑتال جمعرات کو چوتھے روز میں داخل ہوئی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر کے باہر دھرنے پر بیٹھے پٹواری لگاتار چوتھے روز بھی اپنے مطالبات کو لیکر دھرنا دے رہے ہیں، جس میں پٹواریوں اور گرداوروں کی ایک بھاری تعداد نے شرکت کی۔ہڑتال سے محکمہ مال کی کارکردگی بُری طرح متاثر ہوئی ۔مقررین نے الزام لگایا کہ انکے جائز مطالبہ کو حل کرنے کی یقین دہانی کے بعدکُچھ بھی نہیں کیا گیا ہے،جس کی وجہ سے انہیںاحتجاج کے سوا کوئی اور چارہ نہیں ہے۔مقررین نے سرکار پر زور دیا کہ وہ پٹواریوں کے مطالبات فوراً حل کرے ،تاکہ عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔پٹواری اپنے لئے 2400روپے گریڈ تنخواہ کے بجائے 2800روپے گریڈ تنخواہ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔نائب تحصیلدار وں کی راست بھرتی پر پابندی ،پٹواریوں اور جی کئیوز کے الائونس میں اضافہ ، پرائیویٹ ایکموڈیشن کی صورت میںپٹوار خانوں اور میٹنگ ہالوں کے لئے کرایہ ، جموں اور سرینگر اضلاع میں پٹوار ایسو سی ایشن کا دفترقائم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔اپنے خطاب میں ایسو سی ایشن کے نائب صدرشکیل احمد میرنے کہا کہ جب تک نہ انکے جائز مطالبات پورے نہیں کئے جائیں گے تب ان کا احتجاج دھرنا جاری رہے گا۔انہوں نے ہڑتال کے لئے انتظامیہ کو ذمہ وار قرار دیا ۔اس موقعہ پر مقررین میں صدرنصیر احمد بانڈے، نائب صدر شکیل احمد میر، سیکرٹری بال بھوشن ،جوائنٹ سیکرٹری افتخار احمد،محمد اشرف،ششی کمار،محمد امیناور یاصر ندیم بھی شامل تھے۔