سری نگر// جموں وکشمیر کے ضلع بارہ مولہ کے گنڈ ابراہیم پٹن میں قوت سماعت و گویائی سے محروم 12سالہ کمسن لڑکے پرآوارہ کتوں نے حملہ کرکے اُس کی چیر پھاڑ کی جس کے نتیجے میں اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی ہے۔
واقعے کے خلاف مرد و زن نے سری نگر بارہ مولہ شاہراہ پر دھرنا دیا جس وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل کا فی دیر تک متاثر رہی ۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ اتوار کے روز صبح دس بجے کے قریب 12سالہ آذان احمد ولد منظور احمد گنائی گھر سے نکلا اور جونہی وہ جیل پل کے نزدیک پہنچا تو وہاں پر قریباً 20 آوارہ کتوں پر مشتمل ایک جھنڈ نے کمسن لڑکے پر حملہ کیا اور اُس کی چیر پھاڑ کی ۔
انہوں نے بتایا کہ دوپہر دو بجے کے قریب لوگوں کی نظر جیل بنڈ کے نزدیک خون میں لت پت کمسن لڑکے پر پڑی تاہم تب تک بہت دیر ہو چکی تھی کیونکہ مذکورہ لڑکے کا گوشت کتوں نے نوچ ڈالا تھا جس کے نتیجے میں اُس کی موت واقع ہوئی تھی۔
مقامی لوگوں کا مزید کہنا تھا کہ کمسن لڑکے کو پٹن ہسپتال بھی لے جایا گیا لیکن وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے اس سے مردہ قرار دیا۔
جونہی کمسن لڑکے کی لاش اُس کے آبائی گاوں پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا ، خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں اور بعد میں اُس کو پُر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
اس درد ناک واقعے کے خلاف لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے سری نگر بارہ مولہ شاہراہ پر دھرنا دیا اور والدین کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے بتایا کہ جیل بنڈ کے نزدیک رات کی تاریکی میں دوسرے اضلاع کے آوارہ کتوں کو چھوڑا جارہا ہے جس وجہ سے یہاں پر چلنا پھرنا دو بھر ہو گیا اور آئے روز آوارہ کتے لوگوں پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔
ایس ڈی پی او پٹن اور ایس ایچ او جائے موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ یہ معاملہ اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لائیں گے جس کے بعد احتجاج کرنے والے پُر امن طورپر منتشر ہوئے۔
دریں اثنا بلاک میڈیکل آفیسر پٹن ڈاکٹر مستورا اقبال نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ اتوار کے روز ایک کمسن لڑکے کو مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا ۔
انہوں نے بتایا کہ ہسپتال لانے سے قبل ہی معصوم بچے کی موت واقع ہوئی تھی ۔