عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سرینگر کے ملارٹہ علاقے میں ایک خاتون بے ہوش پائی گئی جس کے بعد اس کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ پولیس کے مطابق عدم شناخت خاتون کو علاقے میں سڑک پر بے ہوشی کی حالات میں پایا گیا جس کے بعد اگرچہ اس کو علاج کیلئے اسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی تاہم ڈاکٹروں نے اسے وہاں مردہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی موت کے ارد گرد کے حالات کی چھان بین کی جا رہی ہے اور انکوائری آگے بڑھتے ہی مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ ادھرپلوامہ کے قصبہ علاقے میں بدھ کی صبح ایک شخص مردہ حالت میں پایا گیا، جس کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ایک سرکاری اہلکار کے مطابق متوفی کی شناخت نذیر احمد ولد نام معلوم کے طور پر ہوئی ہے، جو تھیارنہ، کیلر ضلع شوپیان کا رہائشی تھا۔ مقامی لوگوں نے لاش کو دیکھنے کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرتے ہوئے ابتدائی تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ فارینزک سائنس لیبارٹری ایف ایس ایل کی ٹیم کو بھی بلایا گیا ہے تاکہ موقع سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی سائنسی بنیادوں پر جانچ کی جا سکے۔لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد اسے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔پولیس نے اس واقعے کے سلسلے میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ادھر کپوارہ کے ڈھامہ رامحال میں سڑک کے ایک دلدوز زحادثہ میں ایک نوجوان کی موت واقع ہوئی ۔منگل کو آرمی کیمپ ویلگام ڈھامہ کے قریب کرالپورہ یندوارہ سڑک پر حادثہ پیش آیا جس میں ایک سیکوٹی اور ایک ٹریکٹر کے درمیان ٹکر ہوئی ۔سیکوٹی سوار جس کی شناخت عمر احمد پائر ولد غلام احمد پائر ساکن سنمولہ رامحال کے طور پر ہوئی موقع پر ہی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا اور بعد ازاں آخری رسومات کے لیے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔دریں اثنا حادثے میں ملوث ٹریکٹر کو قبضے میں لے کر پولس اسٹیشن ویلگام لے جایا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ادھر سرینگر کے رام باغ علاقے میں ہٹ اینڈ رن واقعہ میں خاتون زخمی ہوئی ۔ عین شاہدین کے مطابق خاتون کی شناخت 57 سالہ مہتابہ زوجہ غلام نبی ساکنہ رام باغ سڑک عبور کر رہی تھی کہ نامعلوم گاڑی نے اسے ٹکر مار دی اور موقع سے فرار ہو گئی۔حادثہ پیش آنے کے ساتھ ہی خاتون کو زخمی حالت میں سرینگر کے صدر اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔ پولیس نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کر لی گئی ہے اور حادثے میں ملوث گاڑی اور ڈرائیور کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔