نئی دہلی// بھارت نے پلوامہ حملے میں پاکستان کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے پاکستان سے ’پسندیدہ ملک‘ کا درجہ واپس لے لیا۔وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت کابینہ کے اہم اجلاس میں پاکستان سے ’پسندیدہ ملک‘ کا درجہ واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔بھارتی وزیر خزانہ ارْن جیٹلی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ مودی کابینہ نے پاکستان کو مکمل سفارتی تنہائی کا شکار کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا اور ہم پاکستان کو دیے گئے ’پسندیدہ قوم‘ کے درجے سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ادھربھارت نے پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کر کے احتجاج کیا جب کہ پاکستان میں متعین اپنے ہائی کمشنر کو مشاورت کیلئے واپس بلالیا ۔بھارتی دفتر خارجہ نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود کو طلب کرکے پلوامہ حملے پر احتجاج کیا اور جیش محمد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب بھارت نے پاکستان میں متعین اپنے ہائی کمشنر اجے بساریہ کو بھی صورت حال پر مشاورت کے لیے فوری طور پر واپس بلا لیا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر رات کو نئی دہلی روانہ ہوجائیں گے۔