سرینگر// کشمیر ٹریڈرس یونائٹیڈ فورم نے تمام تجارتی انجمنوں اور جماعتوں کو ایک ہی پرچم تلے جمع کرنے کا آغاز کرتے ہوئے مختلف کاروباری انجمنوں کے نمائندوں اور سربراہوں سے ملاقات کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔ فورم کے چیئرمین فاروق احمد ڈار کی سربراہی میں اتوار کو منعقد ہونے والے میٹنگ میں شہر خاص ٹریڈرس کارڈی نیشن کمیٹی کے سربراہ نذیر احمد شاہ ،جنگلات گلی ایسو سی ایشن کے صدر عبدالحمید ،مائسمہ بازار کے نمائندے امتیاز احمد و طاہر احمد و دیگر لوگوں نے شرکت کی،جبکہ کشمیر ٹریڈرس فیڈریشن کے صدر ظہور احمد بڈشاہ نے فون پرمیٹنگ میں شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران انہیں تجارتی اتحاد اور تاجروں کی فلاح و بہبودی کیلئے مشترکہ پلیٹ فارم کے تلے آنے کی دعوت دی گئی۔ فاروق احمد ڈار نے واضح کیا کہ تجارتی انجمنوں کے اتحاد اور منصفانہ انتخابات کے بعد فورم کو تحلیل کیا جائے گا کیونکہ فورم کا مقصد ہی تجارتی انجمنوں کو یکجا ایک جگہ اور پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے۔کشمیر ٹریڈرس یونائٹیڈ فورم کے چیئرمین نے کہا کہ آئندہ دنوں میں مزید ٹریڈ لیڈروں اور انجمنوں کے نمائندوں سے ملاقات کا سلسلہ شروع کیا جائے گا،جس کے بعد اضلاع کا رخ بھی کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ تاجروں کو نا قابل تلافی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ5اگست کے بعد پیدہ شدہ صورتحال اور کویڈ حالات کے نتیجے میں قریب50ہزار کروڑ روپے کے نقصانات سے دو چار ہونا پڑا۔انہوں نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ جس پہل کا آغاز انہوں نے کہا ہے اس کو تجارتی و کاروباری فلاح و بہبود کیلئے ہمہ وقت جاری رکھا جائے گا۔میٹنگ میں کشمیر ٹریڈرس یونائٹیڈ فورم کے نائب چیئرمین فیاض احمد بٹ اورسنیئر ٹریڈ لیڈر حاجی نثار احمد کے علاوہ کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے قائمقام صدر محمد رجب ، اکنامک الائنس کے مشیر اعلیٰ شیخ ہلال، ڈاکٹر شوکت،کے ٹی ایم ایف کے پبلسٹی انچارج شیخ ہلال، عبدالرحمان صوفی، معراج الدین خان،جاوید احمد اور عبدالحمید ڈاراوراعجاز احمد بھی موجود تھے۔ٹریڈ لیڈران نے بھی فورم کی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے اتحاد کی رسی کو مظبوط کرنے کیلئے اپنی حمائت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔