رمیش کیسر
نوشہرہ //بھارت کے قومی ترانے وندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے کے سلسلے میں بدھ کے روز نوشہرہ انتظامیہ کی جانب سے شہید برگیڈیئر محمد عثمان میموریل جھنگڑ میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر علاقہ کے مختلف سرکاری و نجی اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔تقریب میں اے ڈی سی نوشہرہ ڈاکٹر پریتم لال تھاپا، تحصیلدار نوشہرہ رام پال شرما اور ایڈیشنل ایس پی نوشہرہ سمیت متعدد افسران موجود رہے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں طلبہ کو بتایا کہ وندے ماترم بھارت کے ہر شہری کے دل کی آواز ہے، جو ملک کی آزادی، اتحاد اور مادرِ وطن کی عظمت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قومی نغمے کی تجدید کے ساتھ نئی نسل کو اپنے ملک کی تاریخ، ثقافت اور قربانیوں سے واقف کرانا ضروری ہے۔افسران نے شہید برگیڈیئر محمد عثمان کی بہادری اور وطن دوستی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسی جھنگڑ کی سرزمین پر ملک کی خاطر جان نچھاور کی۔ طلباء کو بتایا گیا کہ وطن کی حفاظت اور اس کی عزت کے لئے ہر ہندوستانی کو ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔تقریب کے اختتام پر طلبہ نے قومی ترانہ وندے ماترم اجتماعی طور پر گایا اور شہداء کی یاد میں خاموشی اختیار کی۔ پروگرام کے دوران وطن دوستی کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔