جموں//بھاجپا کے سینئر لیڈر و ممبر قانون ساز کونسل ایڈووکیٹ وبودھ گپتا نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کرکے راجوری کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس ملاقات کے دوران گپتا نے وزیر اعلیٰ کا راجوری کے مسائل حل کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ کے دورہ ٔ راجوری کے دوران بھاجپا کی طرف سے کئی مسائل اجاگر کئے گئے جن کو حل کیاجارہاہے ۔انہوںنے بتایاکہ راجوری سرکولر سڑک پر کام جاری ہے ۔انہوںنے جواہر نگر راجوری میں کمیونٹی ہال کی تعمیر اور پارکنگ سلاٹ بنانے پر بھی سراہنا کی ۔اس دوران انہوںنے کئی مسائل وزیر اعلیٰ کے نوٹس میں لاتے ہوئے راجوری قصبہ کی مجموعی ترقی پر زور دیا ۔ انہوںنے کہاکہ راجوری میونسپل کمیٹی کادرجہ بڑھایاجائے ۔ انہوںنے دیرہ گلی سے شاہدرہ شریف تک گنڈولہ سروس شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ راجوری قصبہ میں پانی کی قلت کے مسئلہ کا حل نکالاجائے ۔انہوںنے وزیر اعلیٰ کو بتایاکہ پہاڑی مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین کلدیپ راج گپتا کو زمین مافیا اور سنگ باز کے طور پر پیش کیاجارہاہے جبکہ حالیہ کارروائی کے دوران ان کی دو دکانیں منہدم گرائی گئیں جو قانونی تھیں ۔انہوںنے کہاکہ 85سالہ سینئر لیڈر کی عزت بحال کرنے کے سلسلے میں اقدامات کئے جانے چاہئیں اور ان کی منہدم کی گئی دوکانوں پر معاوضہ دیاجائے ۔