بانہال// محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق جواہر ٹنل کے اِس پار وادی چناب اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تاہم شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئے بغیر جاری رہی۔ منگل کے روز وادی کشمیر سے جموں کی طرف مال بردار ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی جبکہ چھوٹے مسافر بردار ٹریفک کو شاہراہ پر دو طرفہ طور چلنے کی اجاز ت ہے۔ منگل کی صبح سے ہی بانہال اور رام بن کے سیکٹر وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ منگل کی دوپہر تک جاری رہا۔ بارشیں مجموعی طور پر عام لوگوں اور زمینداروں کیلئے راحت لیکر آئی ہے لیکن کئی ایک مقامات پر آندھی اور ژالہ باری سے پھلوں کی فصل کو بھاری نقصان کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ بٹوت کے آس پاس کے علاقہ جات میں ثمر آور پیڑوں پر لگے پھولوں اور کونپلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ادھر بارشوں کے باوجود بھی پسیوں اور پتھروں کے گرنے کی وجہ سے بار بار بند ہونے والی شاہراہ پر منگل کو ٹریفک کی نقل وحمل معمول کے مطابق جاری رہی اور مقررہ وقت کے اندر اندر مال بردار ٹریفک کو وادی سے جبکہ مسافر بردار گاڑیوں کو دوطرفہ طور چلنے کی اجازت ہے۔ اس دوران تازہ بارشوں سے سردی نے ایک بار پھر شدت اختیار کر لی ہے ، بالائی علاقوں میں لوگوں نے گرم ملبوسات کا استعمال دوبارہ شروع کر دیا ہے تو لوگ کانگڑی اور رضائی کو الوداع کہتے ہوئے نظر نہیں آ رہے ہیں۔