بھدرواہ
طاہر ندیم خان
بھدرواہ//گُذشتہ48گھنٹوں کی راحت کے بعد وادی چناب میں ہفتہ کے روز تیز آندھی، ژالہ باری اور بھاری براشوں کی وجہ سے بھدرواہ قصبہ میں سیلابی صوترحال پید اہوئی ہے۔قصبہ میں حالیہ دنوں کے دوران معمول کی بارشوں کے علاوہ کافی بارشیں ہوئی ہیں،جسکی وجہ سے سخت سردی پیدا ہوئی ہے۔حالانکہ لوگوں کو اپریل ماہ کے آخری دنوں اور مئی مہینے میں خوشگوار موسم کی توقع تھی تاہم ، موسم نے اچانک کروٹ بدل دی۔میوہ اُگانے والوں کو آندھی اور ژالہ باری سے نقصان کا خدشہ ہے۔موسم کی خرابی کی وجہ سے ناشپاتی کے فصل کو کافی نقصان ہوا ہے کیونکہ سخت سردی کی وجہ سے 50فیصدی شگوفوں کو نقصان ہوا ہے۔ چیف ہارٹیکلچر افسر ڈوڈہ کے ساتھ بات کرنے کے بعدہم ژالہ باری سے ہوئے نقصان کا مشاہدہ کر رہے ہیںاور ابتدائی اطلاعات کے مطابق 30فیصدی فصل کو نقصان ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق اگلے چند دنوں میں موسم میں کوئی بدلائو نہیں ہوگا۔ یہ امر قابل ذکر ہے، کہ ریاست میں میوہ اگانے میںکشمیر کے بعد وادی بھدرواہ کو دوسرامقام حاصل ہے۔
بانہال
محمد تسکین
بانہال // بارشوں کی وجہ سے ہفتے کے روز شاہراہ ہر واقع قصبہ بانہال کے بعض مقامات کسی تالاب کا منظر پیش کررہے تھے اور ناکارہ ڈرینیج سسٹم کی وجہ سے لوگوں کی نقل و حرکت کچھ وقت کیلئے متاثر ہو کر رہ گئی ۔ گندی نالیوں کے بند ہونے کی وجہ سے کوڑا کرکٹ اور گندگی شاہراہ پر تیر رہی تھی اور ہر طرف بدبو پھیلی ہوئی تھی۔ بارشوں کے پانی کی وجہ سے ناگبل ، سنٹرل مسجد، بس سٹینڈ اور ڈاک بنگلہ کے درمیان سڑک کسی تالاب کا منظر پیش کر رہی تھی اور لوگوں کا چلنا پھرنا ایک گھنٹے تک ممکن نہ ہوسکا ۔لوگوں کا کہنا ہے میونسپل کمیٹی بانہال کی طرف سے سالوں سے بند پڑی گندی نالیوں کو بحال نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے شاہراہ کے کنارے بنی نالیوں کا پانی گندگی سمیت شاہراہ ہر آجاتا ہے اور یہ سلسلہ ہر بارش کے دوران مسلسل جاری ہے لیکن میونسپل کمیٹی کے اہلکار ٹس سے مس نہیں ہورہے ہیں ۔
کشتواڑ
اے آئی بٹ
کشتواڑ//وادی چناب بشمول ضلع کشتواڑ میںتیز آندھی کے ساتھ ساتھ بجلی چمکنے کے ساتھ بار شیںہوئی ہے،جس سے درجہ حرارت میں کمی ہوئی ہے۔کشتواڑ میں بعد دوپہر کالے بادلوں کی وجہ سے اندھیرا چھا گیا ۔کشتواڑ کے بیرونی علاقوں میں بھی بجلی چمک اور آندھی کے ساتھ تیز بارشیں ہوئی ہے۔آخری خبریں آنے تک کشتواڑ و اسکے ملحقہ علاقوں میں بارشیں ہو رہی تھیں۔سنتھن ٹاپ اور کلومسوترا کی پہاڑیوں پر ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔درجہ حرارت 12 ڈگری سیلسیس تک گر آنے کی وجہ سے لوگوں کو دوبارہ گرم ملبوسات کا استعمال کرنا پڑا ہے۔
ڈوڈہ
عظمیٰ نیوز
ڈوڈہ //ضلع میں اچانک بارشوں اور ژالہ باری سے میوہ او رفصلوں کا کافی نقصان ہوا ہے۔ بھاری بارشوں اور ژالہ باری کی وجہ سے علاقہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جس سے پھلوں و سبزیوں کو کافی نقصان ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق خانہ بدوشوں کے مال و مویشی کو بھی نقصان ہوا ہے۔ضلع کے گھٹ، ارنوڑا، جودھ پور، جٹھیلی،موہالہ، بریسوانہ، برشالہ،مالوانہ، گُنڈنہ، دھارا، تشنال، ہنچ، مالنہ، سیل، بھنداس، کالیہند، گدیاری،اودھیانپور، باگلہ، بھرتھ ،اول، اُگڈ،دھار، دشنان، کوٹی وغیرہ علاقوں میں بھی بھاری ژالہ باری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔