کشتواڑ//پی ڈی پی سینئر لیڈر وایم ایل سی فردوس ٹاک نے وادی چناب میں ترقیاتی کاموں کی کمی کی بھر پائی کرنے کے لئے ٹاسک فورس تشکیل دی جائے ۔ ان باتوں کا اظہار انہوںنے ضلع کے ناگسینی علاقہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس پہاڑی خطہ کے ترقیاتی کاموں کی کمی کا مطالعہ کرنے کے لئے کلیدی سرکاری محکموں پر مشتمل افسروں کا خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ڈوڈہ،کشتواڑ اور رام بن اضلاع کے لئے خصوصی بجٹ کی ضرورت پر زور دیا ،تاکہ لوگوں کو کم سے کم بنیادی سہولیات فراہم ہوں۔ دورہ کے دوران انکے ہمراہ جنرل سیکرٹری یو تھ عمر ملک، واصل ڈول وال ،روشن لعل، راجیش شرما ، طارق حُسین اور گلاب چند بھی تھے۔انہوںنے مزید کہا کہ ریاست کے ریونیو کا بہت سا حصہ وادی چناب سے پانی کے ٹیکس، بجلی پیدا کرنے کے حصہ، جنگلاتی پیداواروغیرہ سے حاصل ہوتا ہے لیکن خطہ کو برسوں سے ترقیا ت میں نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس پارٹی نے خطہ کو بطور ووٹ بینک استعمال کیا ہے ا ور انکی حالت زار کو نظر انداز کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ سرکاروں نے اس خطہ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیا ہے جسکی وجہ سے یہ خطہ پسماندگی سے دو چار ہے اور بنیادی سہولیات کے لئے ابھی تک جد وجہد کر رہا ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ان تینوں اضلاع کی ترقی کے لئے وعدہ بند ہیں جس کیلئے انہوں نے کئی اقدام کئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وادی چناب کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی ٹاسک فورس کی تشکیل نا گزیر بن گئی ہے جو ان تینوں اضلاع کے مسائل کی جانکاری حاصل کرے گا۔انہوں نے علاقہ کے لئے سڑکوں کے رابطہ، بچوں کے لئے معیاری تعلیم، بنیادی ہیلتھ سہولیات اور بیرز گار نوجوانوں کے لئے روز گار کے مواقعے پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو توقع ہے کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اس علاقہ کی پسماندگی کو دور کرنے کے اقدام کریں گی۔انہوں نے فصل بیمہ اور ہارٹی کلچر کے شعبہ میں بہتری لانے کا بھی مطالبہ کیا۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ سرکار اس علاقہ میں سڑکوں ،بجلی، تعلیم اور ہیلتھ کے شعبہ کی طرف خصوصی توجہ دے گی،تاکہ لوگوں کو راحت نصیب ہو۔