بٹوت//ایک سال قبل تک جموںسری نگرشاہراہ کا حصہ ناشری بٹوت پتنی سڑک کی موجودہ حالت اس قدر خراب ہے کہ یہ روڈ مقامی ٹرانسپوٹروں کیساتھ ساتھ عوام کے لئے بھی وبال جان بنی ہوئی ہے۔ سڑک کی خستہ حالی سے پریشان لوگوں نے کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 19 کلومیٹرلمبی یہ سڑک جو کبھی جموں سری نگر قومی شاہراہ کاحصہ تھی ،شاہراہ کے درجے سے محروم ہو کراپناوجود ہی کھونے کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ۔سڑک پربلیک ٹاپ اُکھڑ چکا ہے جگہ جگہ بڑے بڑے کھڈے بنے ہوے ہیںجن کی وجہ سے اس سڑک پر گاڑی چلانا اور سفر کرنا جان جوکھم میں ڈالنے کے مترادف بن چکا ہے ۔سڑک پر دوران سفربڑے بڑے کھڈوں کی وجہ سے رونما ہونے والے ٹریفک حادثات کی صورت میںجانی و مالی نقصانات سے دو چار ہو چکے گاڑی مالکان اور عام لوگوں کے بقول سڑک کی ایک سال کے دوران ہر گزرنے والے دن کے ساتھ حالت خراب سے خراب تر ہوتی جارہی ہے اور یہ روڈ ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے بڑا خطرہ بنتی جارہی ہے ۔ان کاکہناہے کہ اس اہم سڑک کی دیکھ ریکھ کا کام انجام دے رہی تعمیراتی اجنسی نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیااس کی حالت کو سدھارنے کی جانب کوئی توجہ نہیںدے رہی اس لئے ریاستی حکومت اس سڑک کی مرمت کروانے کے اقدامات کرے۔