نیپیداو//میانمارمیں کیرن اقلیتی گروہ کے باغیوں نے فوجی اڈے پر حملہ کرکے قبضہ کرلیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق کیرن نیشنل یونین (کے این یو) کے جنگجووں نے شمال مغربی تھائی لینڈ کی سرحد کے قریب مشرقی میانمارمیں ایک فوجی اڈے پر قبضہ کیا۔ کے این یو کے امور خارجہ کے سربراہ پادو ساہ تاو نی کے مطابق کارروائی کے دوران کئی ہلاکتیں بھی ہوئیں،تاہم بیان میں تعداد نہیں بتائی گئی۔ واضح رہے کہ کیرن نیشنل لبریشن آرمی، کارین نیشنل یونین کا مسلح بازو ہے، جو 1949ء سے میانمار حکومت کے ساتھ جنگ لڑ رہاہے۔ میانمارکے کیرن نسلی اقلیتی گروہ کے قوم پرست اپنی ایک علاحدہ آزاد ریاست چاہتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق میانمر کی فوج نے ملک کے جنوب مغربی کاین ریاست میں مارچ سے فضائی حملے شروع کررکھے ہیں۔ ان فضائی حملوں سے بچنے کے لیے کیرن لوگ تھائی لینڈ بھاگنے کے لیے مجبور ہوگئے ہیں۔ یکم فروری کو فوجی بغاوت کے بعد نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی پارٹی (این ایل ڈی)کی حکومت کو معزول کردینے کے بعد سے میانمر فوج کے کنٹرول میں ہے اور سینئر جنرل من آنگ ہلینگ میانمر کے سربراہ بنے ہوئے ہیں۔ باغی فوج نے آنگ سان سوچی اور این ایل ڈی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنما وں کو قید میں ڈال دیا ہے۔ میانمر کی فوج نے بغاوت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف انتہائی سفاکی کا مظاہرہ کیا۔