مہور//اگرچہ حکومت کی جانب سے تعلیم کے نظام کو لیکر بلند بانگ دعوے کئے جاتے ہیں لیکن زون چسانہ کے مڈل اسکول گلاب پورہ کی خستہ حالت دیکھ کر حکومت کے یہ بلند بانگ دعوے کھوکھلے ثابت ہوتے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق ریاسی ضلع کا مڈل اسکول گلاب پورہ جو کہ 1976 میںشروع کیا گیا ،دو کمروں پر مشتمل ہے۔اس اسکول میں 70 سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں جو اس خستہ حال عمارت میں تعلیم حاصل کرتے ہیں۔مقامی باشندوں کے مطابق 6 سالوں سے یہ عمارت خستہ حال ہوگئی ہے جس کی وجہ سے طلباء کو اس اسکول میں پڑھائی حاصل کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔مقامی شخص غلام محمد نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ انہوں نے کئی مرتبہ انتظامیہ کو اس اسکول کی مرمت کرنے کیلئے کہا لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران سے مانگ کی ہے کہ اس اسکول کی مرمت کی جائے۔اس حوالے سے جب کشمیر عظمیٰ نے پرنسپل ہائر سیکنڈری اسکول بننا اور انچارج زونل ایجوکیشن افسر چسانہ یشپال شرما سے بات کی انہوں نے کہا کہ ان کے نوٹس میں پہلے کبھی یہ معاملہ نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ وہ کل ہی اپنے اعلیٰ افسران کو اس اسکول کے حوالے سے تحریری طور آگاہ کریں گے۔