منڈی//تحصیل صدر مقام منڈی میں پیر پنچال یوتھ پارلیمنٹ منڈی کی جانب سے کینڈل مارچ نکالا گیا جس میں بڑی تعدا د میں نوجوانوں نے حصہ لیتے ہوئے رسانہ کی 8سالہ بچی کے حق میں انصاف کی مانگ کی ۔اس موقعہ پر مظاہرین نے کہاکہ کرائم برانچ نے بروقت تحقیقات سرانجام دی ہے لیکن اب اس میں کسی بھی طرح کی کوئی کوتاہی ناقابل برداشت ہوگی ۔کینڈل مارچ امامیہ پارک منڈی سے نکالا گیا جو بس اسٹینڈ سے واپس لوٹ کر جامعہ مسجد رضائے مصطفیٰ منڈی کے نزدیک اختتام پذیر ہوا۔پیر پنچال یوتھ پارلیمنٹ کے ضلع کوآرڈی نیٹر رضا گنائی نے کہا کہ آٹھ سالہ بچّی کی عصمت دری اور اس کے بعد قتل کر کے اسے جنگل میں پھینک دینے والا واقعہ نہایت افسوس ناک ہے جس کی جتنی بھی مذّمت کی جائے وہ کم ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ریاست میں امن و امان کو بحال دیکھنا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں جس کے لئے نہایت ضروری ہے کہ ایسے ملزمان کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے جو درندہ صفت ہیں۔