راجوری // مغل شاہراہ پر ٹریفک پچھلے دو روز سے بند ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں مسافر راجوری پونچھ میں درماندہ پڑے ہوئے ہیں ۔ وہیں کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے الطاف حسین ، شوکت عزیز نے بتایا کہ مغل شاہراہ کی تاریخی حیثےت کو بحال رکھنے میں ریاستی سرکار غےر سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چند کلومیٹر روڈ کو بحال کرنے میں متعلقہ محکمہ اور پونچھ ،شوپیان انتظامیہ لیت ولعل سے کام لے رہی ہیں جس کی وجہ سے سینکڑوں مسافروں اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ محض دس کلومیٹر سڑک پر مرمتی کام شروع کئے جانے سے چند ہی گھنٹوں میں مغل شاہراہ بحال ہوسکتی ہے لیکن برفباری اور موسم کی خرابی کا بہانہ بناکر متعلقہ محکمہ اپنی ذمہ داری سے دستبردار ہونے کی کوشش کررہا ہے جو مسافروں کے لئے باعث مشکلات ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کی گلی سے اس پار کشمیر کی طرف سڑک مکمل صاف ہے اور اس پار چندی مڑ کی طرف چند موڑوں میں چھوٹے چھوٹے پتھر گرآنے سے روڈ بند ہوجاتی ہے جنہیں صاف کرنے میں محکمہ دو دو دن لگادےتا ہے جبکہ سڑک صاف کرنے کا کام صرف چند ہی گھٹوں میں ہوتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ جان بھوج کر مغل شاہراہ کی تاریخی حیثےت کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے جو ریاستی عوام کے لئے تشویشناک ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی سرکار کو چاہئے کہ وہ مغل شاہراہ کے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے راجوری پونچھ میں تجارت کو فروغ دینے کی غرض سے مشینری کو مصروف رکھے تاکہ بے روزگار نوجوانون خو روزگار فراہم ہونے کے ساتھ دیگر روابط بھی بحال ہوسکیں ۔ وہیں اس موقعہ پر ٹریفک انتظامیہ سے ایک آفےسر نثار احمد نے بتایا کہ مغل شاہراہ پر ٹریفک بحال کرنے کے لئے حکام نے مشینری کو بھیج دیا ہے سڑک صاف ہوتے ہیں ٹریفک بحال کردیا جائے گا ۔