نئی دہلی//کورونا وائرس کی عالمی وباء کی وجہ سے بری طرح متاثر ہونے والی معیشت اب دوبارہ پٹری پرلوٹ رہی ہے کیونکہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرح نمو 20.1فیصد درج کی گئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی سہ ماہی میں، مکمل تالابندی کی وجہ سے جی ڈی پی منفی 24.4فیصد درج ہوئی تھی۔مرکزی دفتر شماریات (سی ایس او) کی جانب سے منگل کے روز جاری ہونے والے اقتصادی ترقی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال جون کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں ملک کی جی ڈی پی کا تخمینہ 26.95لاکھ کروڑ روپے ہونے کا تخمینہ لگایا گیا تھا جو کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بڑھ کر 32.38 لاکھ کروڑ روپے ہو چکا ہے ۔ تاہم، مجموعی ویلیو ایڈیڈ (جی وی اے ) 18.8 فیصد بڑھ کر 25.66لاکھ کروڑ روپے کے مقابلے میں 30.48 لاکھ کروڑ روپے ہو گیا ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق، پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی موجودہ مارکیٹ قیمت پر 51.23لاکھ کروڑ روپے رہی، جو گزشتہ مالی سال کی اسی سہ ماہی کے 38.89لاکھ کروڑ روپے کے مقابلے میں 31.7 فیصد زیادہ ہے ۔ اسی طرح جی وی اے بھی 26.5 فیصد بڑھ کر 36.53لاکھ کروڑ روپے کے مقابلے میں 46.20 لاکھ کروڑ روپے ہو گیا ہے ۔