نوشہرہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز کی جانب سے تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے جبکہ نوشہرہ سب ڈویژن کے کلال علاقہ میں گزشتہ دنوں سے شروع کر دہ تلاشی مہم مسلسل جاری ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کو مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد کوٹرنکہ سب ڈویژن کے ترھائیں ،دراج و ملحقہ علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے پورے علاقہ کا محاصرہ کیا گیا ہے اور مذکورہ علاقہ میں موسمی ڈھوکوں کو بھی تلاشی مہم کی زد میں لایا گیا ہے ۔دوسری جانب نوشہرہ سب ڈویژن کے سرحدی علاقوں میں بدھ کے روز سے شروع کر دہ آپریشن مسلسل جاری ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ علاقہ میں بدھ کے روز ملی ٹینٹوں کی جانب سے دراندزی کی کوشش کرنے کے بعد مذکورہ مہم شروع کی گئی تھی جبکہ اس سلسلہ میں ہوئی فائرنگ میں ایک جنگجوہلاک ہوا تھا جس کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا تھا ۔