عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائر سیکنڈری اسکول تھنہ منڈی نے نہایت جوش و جذبے اور شایانِ شان طریقے سے اپنا پچاسواں یومِ تاسیس منایا۔ اس موقع پر اسکول میں ایک رنگا رنگ اور پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں متعدد تعلیمی، سماجی اور انتظامی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت جموں و کشمیر پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے صدر جی ایم وار نے کی، جبکہ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ ادارے کے سرپرست خورشید بسمل نے سکول کی گزشتہ کارکردگی پر روشنی ڈالی اور اپنے خطبہ استقبالیہ میں ادارے کی پچاس سالہ تعلیمی خدمات کا مفصل خاکہ پیش کیا۔ انھوں نے بتایا کہ گزشتہ 49 برسوں کے دوران اس ادارے کے ہزاروں فارغین زندگی کے مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بسمل نے طلباء کو ’نشہ مکّت بھارت ابھیان‘ کا حصہ بننے کی تلقین کی اور کہا کہ نوجوان نسل منشیات کے خاتمے میں مثبت کردار ادا کرے۔ انھوں نے طلبہ کو گھریلو ذمہ داریوں میں حصہ لینے پر بھی زور دیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نبیِ کریم ؐ کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے گئے۔ اس کے بعد اسکول کے طلباء نے رنگارنگ تمدنی و ثقافتی پروگرام پیش کئے جنہیں حاضرین مجلس نے بے حد سراہا۔ صدرِ محفل جی این وار نے اپنے صدارتی خطاب میں اسکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کو معیاری اور جدید تعلیم دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انھوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ زندگی کے دیگر میدانوں میں بھی نمایاں مقام حاصل کر کے اپنے والدین اور ادارے کا نام روشن کریں۔ اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما اور پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجوری طاہر خورشید رینہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران تعلیمی و غیر تدریسی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو انعامات اور مومینٹوز سے نوازا گیا ۔