سرینگر//جموں کشمیر بینک یہاں کے نوجوانوں کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گااور کاروباری میدان میں ہروقت ان کوتعاون فراہم کرتا رہے گا۔اس بات کااظہار جموں کشمیر بینک کے چیئرمین ومنیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبر نے کشمیر کے نوجوان اور ابھرتے کاروباریوں کا ایک وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ کشمیر یوتھ ا نٹر پرینرس فیڈریشن (KYEF) نامی تنظیم کے نوجوان اعلیٰ سطحی پانچ رکنی وفد نے بینک سر پرست کے ساتھ ملاقات کی جن کے ساتھ ایگزیکٹیو پریزیڈنٹ ارون گنڈوترا، چیئرمین کے سپیشل سیکریٹری کرن جیت سنگھ بھی شریک تھے۔ مہمان وفد کی قیادت فیڈریشن کے صدر بابر چودھری کر رہے تھے جن کے ہمراہ جوائنٹ سیکریٹری یاسر مفتی، زُبیر زرگر، ہلال احمد بٹ اور نوجوان وومین انٹر پرینر محترمہ فرخندہ اور ریحان تھیں۔وفد نے جموں و کشمیر بینک اور اسکی اعلیٰ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ نیا کاروبار شروع کرنے کے متمنی نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں ۔ فیڈریشن کے صدر نے کہا کہ یہاں کے بے شمار نوجوان فائدہ بخش کاروبار کرنا چاہتے ہیںاور انہیں جموں و کشمیر بینک کے تعاون اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا بینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر کے با اثر اقدامات اور ذاتی کوششوں سے یہاں کے نوجوان پُر امید ہیں کہ مختلف خود روزگار اسکیموں کی وساطت سے انہیں کبھی مالی مشکلات در پیش نہیں ہوںگی۔ نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے بینک نے اپنی شاخوں اور زونل آفسوں میں جو سپیشل ڈیسکس قائم کئے ہیں وہ قابل سراہنا ہے۔نوجوان وفد سے بات چیت کرتے ہوئے بینک کے سرپرست نے کہا کہ نئی نسل کے نوجوانوں کو اپنے آپ میںمثبت خیالی پیدا کرنی ہوگی کیونکہ وہی قوم کے معمار ہوتے ہیں اورمستقبل کی معیشت کا دارومدار بھی ان کی آج کی محنت پر منحصر ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر بینک ہمیشہ انکی حوصلہ افزائی کرئے گا اور انکے خوابوں کی تعبیر کیلئے ان کے پیش پیش رہیگا۔چیئرمین نے کہا کہ لیفٹنٹ گورنر کی ہدایات پر جو سپیشل ڈیکس ہم نے نوجوان کاروباریوں اور عورتوں کیلئے یکم اکتوبر سے قائم کر رکھے ہیں ان سے بھر پور اُٹھایا جا رہا ہے اور پہلے پانچ دنوں میں بینک کو ساڑھے تین ہزار سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور ایک ہزار سے زائد کیسوں کے ذریعے بینک نے لگ بھگ ایک کروڑ32لاکھ روپے کی رقم واگزار کی ہے۔ چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر نے وفد کو بتایا کہ سرکار نے یہاں کی کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کیلئے جو ورکنگ کمیٹی تشکیل دی تھی جسکا ایک تکنیکی ممبر میں بھی تھا، اُس کی متعدد سفارشات کو سرکار نے لاگو کیا ہے جس میں پانچ فیصد انٹرسٹ سبوینشن قابل ذکر ہے جس سے یہاں کے بیشتر کاروباریوں کو بڑی حد تک راحت محسوس ہوگی۔