ٹاٹا سومو حادثے میں 2افراد زخمی
پرویز خان
منجاکوٹ //جموں پونچھ شاہراہ پر منجاکوٹ کے دیری رلیوٹ میں ایک ٹاٹا سومو حادثے کاشکار ہوگئی جس کے نتیجہ میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ ٹاٹا سومو زیر نمبر – اچانک دیری رلیوٹ کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجہ میں اس پر دونوں افراد زخمی ہوئے ۔مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو مقامی طبی مرکز پہنچایاگیاجہاںسے انہیں طبی امداد فراہم کی گئی ۔ اس سلسلہ میں پولیس اسٹیشن منجاکوٹ میں کیس درج کر کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
حرکت قلب بند ہونے سے آرمی پورٹر کی موت
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر میں فوج کے ساتھ کام کرنے والے ایک پورٹر کی حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے موت ہوگئی ۔اس کی شناخت 59سالہ تلک راج ولد پیارا لعل ساکن مراد پور راجوری کے طور پر ہوئی ہے ۔وہ فوج کے ساتھ بطور پورٹر کام کررہاتھا اورمینڈھر میں تعینات تھا جہاں اچانک سے اسے دل کادورہ پڑا جس پر فوری طور اسے مقامی ہسپتال منتقل کیاگیا جہاںسے ڈاکٹروںنے راجوری بھیج دیاتاہم اس کی مو ت ہوگئی ۔
کثیر اللسانی ادبی سوسائٹی کا ماہانہ اجلاس
حسین محتشم
پونچھ // پونچھ ضلع کی ادبی تنظیم کثیر اللسانی ادبی تنظیم کا ماہانہ اجلاس علامہ انور شاہ کشمیری اکیڈمی میں منعقد کیا گیا جس کی صدارت حافظ شہزاد انوری نے کی۔ اس دوران حسب معمول شعراء اور ادباء نے اپنی نثری اور شعری تخلیقات پیش کیں۔اجلاس میں صدام حسین ، مجاہد مغل اسسٹنٹ پروفیسر، ڈاکٹر امجد علی بابر اسسٹنٹ پروفیسر ،ڈاکٹر شوکت، شاہد ظفر، رازق چوہدری، ماسٹر امتیاز مغل، صادق احمد صدیقی بھی موجو دتھے ۔اس دوران اتفاق رائے سے سوسائٹی میں نئے ادیبوں کی شمولیت کا فیصلہ لیاگیا ۔یہ بھی طے پایاگیاکہ شاعر مشرق ڈاکٹرسر محمد اقبال کی سالگرہ پر اقبال کا دن منایا جائے گا۔
’ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کیلئے‘
جامعہ قاسم العلوم محمودنگر سیڑھی خواجہ کا سالانہ اجلاس
منڈی// دینی درسگاہ و دانشگاہ جامعہ قاسم العلوم محمودنگر سیڑھی خواجہ کا سالانہ اجلاس منعقد ہوا۔یہ جلسہ ’ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لئے‘کے عنوان سے ہوا جس میں ضلع پونچھ اور راجوری کے علماء کرام کے علاوہ بیرون ریاست مہاراشٹر سے جامعہ اشاعت العلوم اکل کوا کے استاذ حدیث مولانا عبدالرحیم فلاحی بطور مہمان خصوصی اور مقرر خصوصی شریک ہوئے ۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقعہ پر جامعہ کے طلباء نے توحید و رسالت ،عظمت صحابہ ،عظمت دین، عظمت مدارس کے علاوہ دیگر موضوعات پر تقاریر اور حمدو نعت پیش کیں۔ اجلاس کی صدارت حضرت مولانا نورحسین کررہے تھے جبکہ نظامت جامعہ کے ناظم اعلی مولانا محمد عبداللہ قاسمی نے انجام دی۔اپنے خطاب میں مولانا عبدالرحیم فلاحی نے کہا کہ ہر کام اللہ اور اس کے رسول ؐکے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق ادا کرنا ہی عبادت ہے۔ان کاکہناتھاکہ دل میں یہ فکر ہونی چاہیے کہ اے اللہ تو قبولیت کا پروانہ عطا فرما ۔ناظم اعلی جامعہ قاسم العلوم نے جامعہ کا سالانہ بجٹ بھی پیش کیا ۔ انہوں نے کہاکہ یہ دینی ادارے ہیں، یہ صرف اور صرف قوم مسلم کی حلال کمائی سے چلتے ہیں اور چلتے رہیں گے۔آخر میں کل ہند مسابقہ القرآن کے حوالے سے اساتذہ اور طلبا کو انعامات سے نوازاگیا ۔یاد رہے کل ہند مسابقہ القرآن میں جامعہ کے ایک طالب علم نے پوزیشن حاصل کی جس کو باقی دو طلبا کے ساتھ سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ کروایاجائے گا۔اجلاس سے مولانا عبد الحمید ناگا ناڑی والے نے بھی خطاب کیا ۔
تھنہ منڈی میں نہر پر ناجائز قبضہ
طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے پرانہ تھنہ سے ہسپلوٹ کو جانے والی الاہی نہر پر ناجائز قبضہ کیاگیاہے جس کو مقامی لوگوںنے واگزار کرنے کی مانگ کی ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق پرانہ تھنہ۔عثمان مارکیٹ اور مین بازار سے گزرنے والی دو کلو میٹر الاہی نہر جو بیس ایکڑ زمین کو سیراب کرتی ہے،پر ناجائزتجاوزات کھڑی کی گئی ہیں۔اس سلسلے میں مقامی زمینداروںنے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے رجوع کیا جس پر نائب تحصیلدار ساج اختر سحر مرزا کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے موقعہ پر پہنچ کر جائزہ لیا ۔اس ٹیم میں زیلدار رگھبیرکھجوریہ، گرداور سرکل ساج مظفر لون، صیداللہ ملک گرداور، محکمہ آبپاشی، ساجد غفار، نائیک جونیئر انجینئر محکمہ آبپاشی، عبدالحمید پٹواری محکمہ آبپا شی، محمد یعقوب کلسٹر ڈیفنس راجوری بھی شامل ہیں۔ نائب تحصیلدارساج نے کہا کہ ملاحظہ کرنے کے بعد یہ پایا گیا ہے کہ الاہی نہر کی مرمت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نہرپر چند لوگوں نے ناجائزطور پر تجاوز کیا ہے۔ انہوں۔نے کہا کہ میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کی عدم توجہی اور لاپرواہی کی وجہ سے الاہی نہر میں غلاظت کے ڈھیر جمع ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسکی تفصیلی رپورٹ ضلع انتظامیہ راجوری کو سونپ دی جائے گی اوراگلے حکمنامہ کا انتظار کیاجائے گا۔
شاہ محمد تانترے کادورہ ٔ ساوجیاں گگڑیاں
عشرت بٹ
منڈی//ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے منڈی تحصیل کے سرحدی علاقہ ساوجیاں گگڑیاں کا دورہ کیا جہاں انہوںنے مقامی لوگوںسے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے ۔اس موقعہ پر مقامی لوگوںنے تانترے کا استقبال کیا اور کہاکہ وہ پہلے ایسے ایم ایل اے ہیں جو جیت حاصل کرنے کے بعد ان سے ملنے آئے نہیں تو سابق ممبران اسمبلی نے کبھی مڑ کر نہیں دیکھا ۔انہوںنے کہاکہ تانترے کے گھر کا دروازہ بھی ہر ایک کیلئے کھلا رہتاہے اور اندر جانے کیلئے کسی سے اجازت درکار نہیںہوتی ۔انہوںنے کہاکہ وہ موصوف کی کارکردگی سے متاثر ہوئے ہیں اور نیشنل کانفرنس و کانگریس سے ناطہ توڑ کر پی ڈی پی میں شامل ہورہے ہیں ۔اپنے خطاب میں شاہ محمد تانترے نے کہا کہ ان کی ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ غریب عوام کے درمیان ہی رہوں جنہوں نے انہیں اس مقام تک پہنچایا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وہ جب کسی غریب سے ملتے ہیںتو دل کو سکون ملتاہے ۔تانترے نے کہاکہ ریاستی حکومت عوامی مفاد کے خاطر اقتدار میں آئی ہے اور تعمیروترقی کے کام کئے جارہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ وہ پارٹی میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔اس موقعہ پر بلاک صدر منڈی پیر زادہ بلال مخدومی ، زونل سکریٹری شکیل پرے ،شاہ محمدچاند، غلام محمد بٹ، طارق بٹ، پیر خورشید احمد ، محمد خلیل بانڈے وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
راہل دراوڑپونچھ کے دورے پر
بابا بڈھاامرناتھ مندر منڈی میں حاضری دی
عشرت بٹ
منڈی //معروف ہندوستانی بلے باز راہل دراوڑ نے منڈی پہنچ کر بابا بڈھا امرناتھ مندر میں حاضری دی ۔موصوف اپنے ذاتی دورہ ٔ پونچھ پر آئے ۔اس دوران وہ بابا بڈھا امرناتھ مندر پہنچے جو منڈی میں واقع ہے ۔ یہاں انہوںنے حاضری دے کر دعائیں مانگیں ۔اس موقعہ پر فوج کے سینئر افسران اور مقامی سول سوسائٹی کے ارکان بھی موجود تھے ۔ انہوںنے راہل سے ملاقات کرکے خوشی کا اظہار کیا ۔ موصوف نے پونچھ کے سیاحتی مقامات کا دورہ بھی کیا ۔وہ دو دنوں سے پونچھ میں مقیم ہیں ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 93ویں برگیڈ کے برگیڈ کمانڈر اے ایس پنڈاکر راہل کے رشتہ دار ہیں اور موصوف بھی انہی کے یہاں ٹھہرے ہیں۔ منڈی میں جونہی راہل کے مداحوں کو ان کی آمد کا پتہ چلا تو ایک بڑی تعدادد ان کو دیکھنے آگئی تاہم سیکورٹی وجوہات کی بناپر انہیں ملنے نہیں دیاگیا اور پھر لوگوںنے باہر سے راہل کا دیدار کیا ۔لوگوں نے کہا کہ وہ ان سے ملنا چاہتے تھے مگر اس کا موقعہ نہیں دیاگیا ۔دریں اثناء ناٹو ایڈیٹوریم پونچھ میں آرمی کی طرف سے راہل کے اعزاز میں ایک تقریب کا بھی اہتمام کیا جارہاہے جس میں ان سے ان کے مداحوں کو ملنے کی اجازت دی جائے گی۔
سرنکوٹ جڑانوالی گلی سڑک
غیر معیاری کام ایس ڈی ایم نے بند کروادیا
بختیار حسین
سرنکوٹ//سرنکوٹ سے جڑاں والی جانے والی سڑک لگ بھگ تین کلو میٹر سڑک خستہ حالی کاشکار ہے اور اس پر اگرچہ گریف کی طرف سے کام چل رہاہے لیکن مقامی لوگوںنے شکایت کی ہے کہ یہ غیر معیاری ہے جس پر ایس ڈی ایم نے کام بند کروادیاہے۔ایک مقامی شخص نے بتایا کہ گریف نے باربار اپیل کے بعد کام تو شروع کیاہے لیکن اس میں ریت بجری نظر نہیں آ رہی اور نہ ہی معیاری سیمنٹ کا استعمال کیاجارہاہے۔انہوںنے کہاکہ مٹی کا استعمال کیاجارہاہے جس سے ظاہر ہوتاہے کہ کام غیر معیاری ہے ۔ان کاکہناہے کہ ایسے میں پلیاں کمزور ہوجائیںگی اور یہاںسے بڑی گاڑیوں کے گزرنے کے دوران کوئی حادثہ بھی پیش آسکتاہے ۔ طاہر حسین شاہ کاکہناہے کہ پہلے تو سرنکوٹ میں تعمیر اور ترقی کے کام ہوتے ہی نہیں،اگر کہیں ہوں تو وہ معیار کا خیال نہیں رکھاجاتاجو تشویشناک بات ہے۔اس سلسلے میں ایس ڈی ایم سرنکوٹ رشید کوہلی نے موقعہ پر پہنچ کر جائزہ لیا اورکام کو غیر معیاری پاتے ہوئے اسے بند کروادیا ۔ انہوںنے ہدایت دی کہ ریت اور بجری کا استعمال کیاجائے اور ریتلی مٹی استعمال نہ کی جائے ۔گریف کے اے ای ای کاکہناہے کہ وہ اس سلسلے میں تحقیقات کریںگے ۔
محکمہ دیہی ترقی کے بالاکوٹ اور پنج گرائیں میں بیداری کیمپ
راجوری//محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے چلائے جارہے ایپلائڈ نیوٹریشن پروگرام کے تحت راجوری پونچھ اضلاع میں بیداری کیمپ منعقد کرکے خواتین کو متوازن غذائیت کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔ پونچھ میں یہ کیمپ سرحدی تحصیل بالاکوٹ میں ہوا جبکہ راجوری کے بلاک پنج گرائیں میں ایک کیمپ منعقد کیاگیا ۔ان کیمپوں میں مہمان خصوصی سٹیٹ نیوٹریشن افسر /انچارج آئی ای سی سیل طفیل احمد راٹھور تھے جبکہ پروگراموں میں صدارت کے فرائض بالترتیب بلاک ڈیولپمنٹ افسر بالاکوٹ خواجہ عبدالرشید اور بلاک ڈیولپمنٹ افسر پنج گرائیں عابد حسین نے انجام دیئے ۔اس موقعہ پر آئی ای سی کنسلٹنٹ اعجاز احمد خان بھی موجو د تھے ۔ ان کیمپوں کے دوران جہاں خواتین کو متوازن غذائیت کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی وہیں ان کو محکمہ کی طرف سے چلائی جارہی سکیموں کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایاگیا۔اپنے خطاب میں طفیل احمد راٹھو رنے کہاکہ خواتین خاص طور پر حاملہ خواتین کو انہی غذائوں کا استعمال کرناچاہئے جو ان کی صحت کیلئے مفید ہوں ۔ انہوںنے کہاکہ ایک خاتون پورے سماج کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتی ہے اور اس کا صحت مند و تندرست و توانارہنا پورے سماج کیلئے ضروری ہے ۔طفیل احمدنے کہاکہ ایسے کیمپوںسے ملنے والے پیغام کو گھر گھر پہنچایاجائے ۔اعجاز احمد خان نے بھی متوازن غذائیت پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ وہیں اپنے اپنے خطاب میں متعلقہ بلاک ڈیولپمنٹ افسران نے محکمہ کی طرف سے چلائی جارہی سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔ انہوںنے کہاکہ لوگوں کو سرکاری سکیموں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاناچاہئے اور اپنے علاقوں میں اثاثوں کے قیام کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا کرنے چاہئیں ۔اس دوران طفیل احمد راٹھور کی قیادت میں محکمہ کی ٹیم نے محکمہ کی طرف سے تعمیر کئے گئے مختلف کاموں کا بھی جائزہ لیا ۔ٹیم نے خاص طور پر سرحدی علاقے بالاکوٹ میں ہوئے کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی کشیدگی کے باعث اس علاقے میں بہترین کام کیاجانا قابل سراہناہے ۔
افسران کے تبادلے اور سبکدوشی
مینڈھر میں الوداعیہ تقریب منعقد
جاوید اقبال
مینڈھر//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق زرگر،ایس ڈی ایم مینڈھر راہل کمار یادو اور ایگزیکٹو انجینئر پی ایم جی ایس وائی منیر چوہدری کے اعزاز میں مینڈھر میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس کا اہتمام ٹھیکیدار امان اللہ چوہدری نے کیا ۔واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر اور ایس ڈی ایم کا تبادلہ ہواہے جبکہ ایگزیکٹو انجینئر سبکدوش ہوگئے ہیں ۔اس موقعہ پر مقررین نے طارق زرگر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ وہ اگرچہ بہت کم وقت پونچھ میں تعینات رہے لیکن ایسے کام کرگئے جن کی وجہ سے انہیں ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ انہوںنے ایس ڈی ایم مینڈھر کی بھی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ اس قسم کے آفیسر بہت کم ملتے ہیں جنہوں نے لوگوں کی خدمت کی اور کسی کو کوئی تکلیف نہیں ہونے دی ۔ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ راہل کمار یادو ایک دن پونچھ میں ڈپٹی کمشنر بن کر آئیںگے ۔مقررین نے ایگزیکٹو انجینئر پی ایم جی ایس وائی منیر چوہدری کی سبکدوشی پر ان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف نے مینڈھر میں اپنی تعیناتی کے دوران وہ کام کر کے دکھائے ہیں جن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ وہ لوگوں کے شکر گزار ہیں جنہوںنے ان کے اعزاز میں یہ تقریب منعقد کی ۔ انہوںنے کہاکہ وہ مینڈھر اور پونچھ کے لوگوں کو ہمیشہ یاد رکھیںگے ۔راہل یادو نے بھی تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقعہ پر کانگریس لیڈر چوہدری ظفر اللہ آزاد،مولانا فتح محمد چوہدری،سابق سی ایم او ڈاکٹر محمد یونس،سابق سرپنچ چوہدری ابراہیم،تحصیلدار منکوٹ صغیر چوہدری،لیبر یونین صدر عبد المجید چوہدری،سابق فوجیوں کے صدر شمیم احمد،حاجی گلصید خان،حاجی شارق خان،سابق ایس پی محمد رزاق خان،طارق خان،حاجی خورشید میر،حاجی غلا م عباس،چوہدری محمد صادق وغیرہ بھی موجود تھے ۔