پہاڑی طبقہ کیلئے اسمبلی سیٹیں ریزرو کرنے کا مطالبہ
جاوید اقبال
مینڈھر //پہاڑی طبقہ نے بھاجپا کی مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ نئی حد بندی میں پہاڑی طبقہ کیلئے اسمبلی سیٹیں ریزرد کی جائیں تاکہ اس پسماندہ طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا جاسکے ۔یہاں جاری ایک بیان میں شادم خان ،حاجی فیض احمد خان ،محمد رفیق خان ،محمد عظم فانی ،ماسٹر عنایت اللہ خان ،عبدا لرزاق خان ،محمد قیوم خان ودیگران نے کہا کہ اس سے قبل ہر ایک حکومت نے پہاڑی طبقہ کو ہرایک قدم پر نظر انداز کیا ہے جسکی وجہ سے اس وقت پہاڑی طبقہ سے رابستہ لوگ تمام پسماندہ طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا کی مرکزی حکومت کی جانب سے ابھی تک پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ نہیں دیاگیا ہے جبکہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے کچھ حد تک ریزرویشن ضرور دی ہے البتہ ایس ٹی کا درجہ ملنے تک اس سلسلہ میں جدوجہد جاری رکھی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے کروائی جارہی نئی حد بندی میںپہاڑیوں کی فلاح وبہبود کیلئے سیٹیں مختص رکھی جائیں ۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر طبقہ کو نظر انداز کیا گیا تو اس سلسلہ میں احتجاجی راستہ اختیار کیا جائے گا ۔
وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا راجوری میں بیداری پروگرا م
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // وومن ڈیو لپمنٹ کارپوریشن راجوری کی طرف سے پنچایت گڑیاں میں ضلع منیجر راجوری نصرین گل کی زیر قیادت ایک جانکاری پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس کیمپ میں پنچایت سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔اس کیمپ کا مقصد علاقہ کی تمام پڑھی لکھی بیروزگار نوجوان لڑکیوں کو روزگار فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر ضلع منیجر نے محکمہ کی طرف سے چلائی جارہی اسکیموں کے متعلق اہم جانکاری فراہم کی جن میں این ایم ڈی ایف سی ، این بی سی ایف ڈی سی، این ایچ ایف ڈی سی، ڈبلیو آیی پی ، ایجوکیشن لون و دیگر اسکیموں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔ انہوں نے موقعہ پر موجود علاقہ کی لڑکیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنا روزگار خود کمانے کے لئے آگے آئیں۔ انھوں نے یقین دلایا کہ محکمہ کی جانب سے پورا تعاون فراہم کیا جائے گا جبکہ محکمہ کے زیر تحت کئی سکیمیں چلائی جارہی ہیں جن کا فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ۔
مسافر گاڑیوںکااضافی کرایہ وصول کرنے کا سلسلہ جاری
غریب لوگ پریشان ،متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ خاموش تماشائی
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرحدی ضلع پونچھ کے لگ بھگ سبھی روٹوں پر مسافروں سے اضافی کرایہ وصول کرنے کا عمل مسلسل جاری ہے تاہم متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے ڈرائیوروںکیخلاف کارروئی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے ۔مسافروں نے بتایا کہ سرنکوٹ سب ڈویژن کی سبھی روٹوں پر ڈرائیوروں کی جانب سے ان سے اضافی کرایہ وصول کیا جارہا ہے لیکن متعلقہ حکام نے کارروائی کی یقین دہانی کروائی تھی تاہم اس کے باوجود بھی زمینی سطح پر حالات جوں کے توں ہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سرنکوٹ سے مینڈھر کا 150روپے کرایہ وصول کیا جارہا ہے ۔موڑھ بچھائی سے تعلق رکھنے والے حاجی تاج نے بتایا کہ ٹاٹا سومو گاڑیوں کے ڈرائیور 5کلو میٹر سفر کیلئے 100روپے وصول کررہے ہیں جبکہ محکمہ کی جانب سے ڈرائیوروں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اضافی کرایہ کے سلسلہ میں ڈرائیور مسافروں بالخصوص معززین اور خواتین کیساتھ بدتمیزیاں بھی کرتے ہیں ۔غور طلب ہے کہ کووڈ لاک ڈائون کے بعد سے خطہ پیر پنچال میں صورتحال مزید ابتر ہونا شروع ہو گئی ہے ۔تمام چھوٹی اور بڑی مسافر گاڑیوں کے مالکان و ڈرائیور طبقہ لوگوں سے اضافہ کرایہ وصول کرنے کیساتھ ساتھ ان کو ہراساں بھی کررہے ہیں ۔مسافروں نے بتایا کہ کووڈ کے دوران میں سوریاں کم لوڈ کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا جس کی وجہ سے کرائے میں بھی اضافہ کر دیا گیا تھا لیکن اس کے بعد اب ڈرائیوروں سوریاں اور لوڈ کرنے کیساتھ ساتھ اضافی کرایہ بھی لے رہے ہیں ۔مسافروں نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچایا جائے اور اضافی کرایہ وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
اے بی وی پی نے73واں یوم تاسیس منایا
حسین محتشم
پونچھ//اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کے 73ویں یوم تاسیس پر پو۔رے ملک کی طرح پونچھ میں بھی تقریب منعقد کی گئی۔اس دوران مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ سات دہائیوں سے یہ طلباء کی تنظیم اپنے قوم پرست نظرئے کے تحت ملک کے نوجوانوں کی خدمت کرنے کیلئے تحریک دینے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ تنظیم کا 73 واں یوم تاسیس ہے جس کی بنیاد 9 جولائی 1949 کو بلراج مندھوک نے رکھی تھی۔ طلباء نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ گذشتہ سات دہائیوں سے پریشد نے ۔قوم پرست نظرئے کے ذریعہ نوجوانوں کو ملک کی خدمت کے تئیں راغب کرنے میں ایک اہم کردار ادا کررہی ہے۔ اس دوران سوامی ویویکانند جی کی تصویر پر گل باری کر کے ان کے نظریات پر چل کر ملک کی تعمیر کے راستے پرگامزن رہنے کا سبھی کارکنوں نے عہد کیا اور ایک دوسرے کو یوم تاسیس کی مبارک بادپیش کی۔