ضلع مجسٹریٹ شوپیان کا لوگوں کو ٹیکہ لگانے پر زور
شوپیان//شوپیان ضلع میں کووِڈ کیسوں میں اُچھال کے بعد ڈپٹی کمشنر سچن کمار نے آج کہا کہ ضلع میں منصوبہ بند طریقے سے ٹیکہ کاری کی جارہی ہے اور کہا کہ لوگوں کو ٹیکہ لگانے کیلئے آگے آناچاہیے کیوں کہ یہ محفوظ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کسی خدشے کے بغیر کوورناویکسین لے سکتا ہے اورلوگوں کو اس حوالے سے افواہوں پر کان نہیں دھرناچاہیے ۔انہوں نے کہا کہ کووِڈ ویکسین کاکوئی مضر اثر نہیں ہے ۔انہوں نے کووِڈ گائیڈ لائینز پرمکمل عملدرآمدکرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وقت کاتقاضا ہے کہ ماسکوں کا استعمال کیاجاییء اور سماجی فاصلوں کو برقرار رکھاجائے اور گھر سے غیرضروری طور باہر نکلنے سے پرہیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو تحصیلداروں،نائب تحصیلداروں اور بلاک ڈیولپمنٹ افسروں اور پٹواریوں سے مددلینی چاہیے جوانہیں ویکسین لگواسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شوپیان بازار کے ان کے اچانک معائنے کے دوران انہوں نے کچھ لوگوں کو بغیر ماسک کے دیکھا اور انہیں موقعہ پرہی جرمانہ کیاگیا۔
کولگام اسپتال میں اکسیجن پلانٹ کاافتتاح
کولگام//کولگام میں صحت عامہ کی سہولیات کوتوسیع کے تحت1000ایل پی ایم صلاحیت کاآکسیجن پیدا کرنے والاپلانٹ ضلع اسپتال میں شروع کیا گیا۔اس موقعہ پرایک سادہ تقریب میں ڈپٹی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے آکسیجن پیداکرنے والے پلانٹ کاافتتاح کیااور مریضوں کیلئے اِسے وقف کیا۔انہوں نے کہا کہ اب اسپتال میں ایک سوتیزبہائو کے اکسیجن بستروں کی صلاحیت ہوگی۔اس موقعہ پر ضلع کے پولیس سربراہ۔ضلع اسپتال کے میڈیکل اسپرانٹنڈنٹ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجودتھے۔
گرو تیغ بہادر جی کا 400 واں یوم پیدائش
قومی یکجہتی کا پیغام عام کرنے کیلئے طویل پروگرام مرتب:صوبائی کمشنر
سرینگر // سکھ مذہب کے نویں گرو شری تیغ بہادر جی کا 400 واں یوم پیدائش کورونا رہنما خطوط پر عمل کرتے ہوئے منایا گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ اسکول ایجوکیشن کشمیر نے تمام 10 اضلاع میں ’’گرو تیغ بہادر جی کی تعلیمات اور قربانیوں‘‘ کے عنوان سے آن لائن مضمون نویسی ، کوئز مقابلہ ، مباحثہ اور سمینار کا انعقاد کیا تاکہ زندگی اور فلسفہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جاسکے۔ اس آن لائن پروگرام کے دوران 1999 اسکولوں کے 14208 طلباء اور 1880 اساتذہ نے حصہ لیا۔صوبائی کمشنر کشمیر ، پنڈورنگ کے پولے نے اس سلسلے میںکہا کہ صوبائی انتظامیہ نے گرو تیغ بہادر جی کے 400 ویں یوم پیدائش منانے اور خصوصی پروگراموں کا اہتمام کرکے قومی یکجہتی کے پیغام کو عام کرنے کے لئے یکم مئی سے 16 مئی تک سرگرمیوں کا طویل پروگرام تیار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ راست بازی ، سچائی اور آزادی کی ا قدار کو برقرار رکھنے کے لئے گرو جی کی بے مثال اور اعلیٰ قربانی کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گرو جی کی تعلیمات کو دنیا کے کونے کونے میں پھیلایا جانا چاہئے۔
متریگام پلوامہ می ںمحکمہ جنگلات کے دوملازم حملے میں زخمی
سرینگر//جنوبی ضلع پلوامہ کے متریگام علاقے میں جنگل اسمگلروں نے فارسٹ کنٹرول روم کی ٹیم پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو ملازمین بری طرح زخمی ہو گئے ۔ محکمہ جنگلات کے ایک سینئر افسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رات کی پٹرولنگ پارٹی نے متریگام جنگلات میںکچھ گھوڑے دیکھے جن پر لکڑی لدی ہوئی تھی ۔جونہی محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے اسمگلروں کو روکنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے تیز دھاروالے ہتھیاروں سے اُن پر حملہ کیا ۔ اس حملہ کے بعد رینج آفیسر رومشی ڈویژن نے پولیس کی مدد طلب کی جس کے بعد پولیس کی ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی تاہم جنگل اسمگلر جائے واردات سے فرار ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حملے میں دو ملازمین بر ی طرح زخمی ہو گئے ہیں جن کو علاج و معالجہ کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔سی این آئی
عارضی ملازمین کی مستقلی کیلئے متحد ہونے کی ضرورت:نگوا
سرینگر//یوم مئی یعنی مزدوروں کے عالمی دن پر نگوا نے کم سے کم اُجرت کے ایکٹ کو لاگو کرنے کا مطالبہ کیا ۔ نگوا نے تمام سرکاری اداروں میں کام کررہے ڈیلی ویجروں کی مستقلی پر زور دیتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تمام انجمنوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر عارضی ملازمین کی مستقلی کیلئے کام کرنے کی اپیل کی ۔تنظیم کے صدر اشتیاق بیگ نے کہا کہ جب تک ملازمین اپنے اداروں میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والوں کی مستقلی کیلئے متحد ہوکر کام نہیں کریں گے تب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا۔