سرحدی کشیدگی کے خاتمے پر زور
بختیارحسین
سرنکوٹ// انجمن روداد بشر سرنکوٹ نے بالاکوٹ میں شہری ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان جب بھی تعلقات خراب ہوتے ہیںتو معصوم شہریوں کی ہلاکتیں ہوتی ہیں۔ایک پریس بیان میں تنظیم کے ارکان محمد عزیز خان ،نذیر احمد چوہان ،بشارت علی خان اور جاوید چوہدری نے کہاکہ دونوں ممالک سرحدی گولہ باری کا سلسلہ فوری طور پر بند کرکے بات چیت کاراستہ اختیا رکریں تاکہ بے گناہ شہریوں کوتحفظ مل سکے ۔انہوںنے کہاکہ جنگ و جدل کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں اور افہام وتفہیم سے مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔انہوںنے متاثرہ کنبے کی امداد کی اپیل کی ۔
بالاکوٹ شہری ہلاکتوں کی مذمت
پونچھ// بالاکوٹ میں گولہ باری کے تبادلہ میں ایک ہی کنبہ کے پانچ افراد کے لقمہ اجل بننے کی مذمت کرتے ہوئے نیشنل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن نے ہندوپاک حکومتوں پر مذاکرات شروع کرنے پر زور دیاہے ۔تنظیم کا ایک اجلاس اس کے صدر عظیم علی شاہ کی قیادت میں منعقدہوا۔اس موقعہ پرمقررین نے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی ملک کی فوج کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ بے گناہوں پر گولے برسائے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کی فوجوں کی آپسی رنجش میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام پر قدغن لگانے کے لئے ہندو پاک حکمرانوں کو بات چیت کا راستہ اختیار کرنا چاہئے۔انہوںنے حکومت سے اپیل کی کہ زخمی ہونے والی بچیوں کا بہتر سے بہتر علاج کرویاجائے ۔انہوںنے متاثرہ کنبے کیلئے سرکاری امداد کا مطلابہ بھی کیا۔اس موقعہ پر جتیندر سنگھ،محمود خان، محمد عظیم خان،رائق قریشی وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
پولیس افسر کے اعزاز میں تقریب
حسین محتشم
پونچھ//شہید منجیت سنگھ والی بال کلب کے زیر اہتمام کے پی ایس ڈاکٹر محمد سلیم جو پونچھ میں بحیثیت ڈی ایس پی آپریشن کام کرنے کے بعد یہاں سے تبدیل ہوئے ہیں، کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی ۔اس موقعہ پر کلب کے چیئرمین طارق خان نے شال اوڑھ کران کی عزت افزائی کی اور کلب کی جانب سے انہیں ایک یاداشتی مومنٹوبھی پیش کیا۔ اس دوران مقررین نے ڈاکٹر سلیم کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پونچھ میں ایک خوشگوار ماحول بنائے رکھا۔انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر نوجوانوں کے لئے جس دلچسپی سے انہوں نے کام کیا،اس کیلئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ڈاکٹر سلیم نے عزت افزائی کے لئے کلب کے تمام کارکنا ن کا شکریہ ادا کیا۔
پونچھ کالج کے طلباء ٹریکنگ پر
حسین محتشم
پونچھ// گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ ہوسٹل کے طلبا اور عملہ نے پرنسپل سید مسرف حسین شاہ کی قیادت میں پونچھ تا پنچ ککڑیاں گائوں تک ٹریکنگ کی۔ واضح رہے کہ کالج کے اساتذہ اور طلبا کی جانب سے اس طرح کا یہ پہلا دورہ تھا جس کا مقصد مقامی سیاحت کو بڑھاوا دیناتھا۔پروفیسر مسرف حسین شاہ نے بتایا کہ طلبا کو پیدل چلنے اور انہیں اس علاقہ سے متعارف کرانے کے لئے یہ ٹریکنگ کا پروگرام بنایاگیاتاکہ سیاحت کو فروغ دیاجاسکے ۔انہوںنے بتایاکہ پونچھ تا پنج ککڑیاں تک کا سفر دو گھنٹے میں طے ہوا ۔انہوں نے کہا کہ اگلے مہینے اپریل میں وہ کالج کے طلبا کو نندی چھول لے جائیں گے اور اس کے بعد جبی طوطی اور اس جیسے دیگر خوبصورت وادیوں کی بھی طلبا کو سیر کروائیںگے تاکہ ان طلبا کو پیدل چلنے کے ساتھ ساتھ اپنے علاقوں کی جانکاری ملے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک کامیاب ٹور رہا اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرام ہوںگے ۔ان کے ہمراہ ایچ او ڈی شعبہ اردو محمد اعظم ،پروفیسر فتح محمد عباسی اور دیگر پروفیسر بھی تھے۔
پونچھ کے نوجوان کی دستاویزی فلم’عامر‘
پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹول کیلئے منتخب
جموں//’’عامر، اے ٹرائل فار لائف‘‘ نامی مختصر دستاویزی فلم جس کی ہدایات و پیش کش سید جاذب علی کی ہے ، کو پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹویل 2018 کے لئے منتخب کیاگیاہے۔ یہ فلم فیسٹویل کراچی میں 29مارچ سے یکم اپریل2018تک منعقد ہوگا۔یاد رہے کہ یہ مختصر دستاویزی فلم سید جاذب علی کی آزادانہ تخلیق ہے جو جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے سے تعلق رکھتے ہیں اور انہوں نے یہ فلم اپنی جرنلزم اور ماس کمیونی کیشن کی ڈگری امیٹی یونیورسٹی نوئیڈا سے حاصل کرنے کے دوران تیار کی ہے۔کراچی فلم سوسائٹی ایک معروف غیر سرکاری، غیر منافع بخش تنظیم اور پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹویل(پی آئی ایف ایف) کی ایک ذیلی اکائی ہے جسکی بنیاد معروف ہدایت کار وفلم سار سلطانہ صدیقی نے رکھی۔سلطانہ صدیقی بطور ہدایت کار پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف ڈراموں ہمسفر، داستان،دام،دُر ِ شہوار،شہر ِ ذات،مری ذات ذرہ ٔ بے نشاں،عون زارا،پیارے افضل اور زندگی گلزارہے کے لئے جانی جاتی ہیں۔سید جاذب علی کی مذکورہ دستاویزی فلم غلطی سے سزا پانے والی محمد عامر کی کہانی پر مشتمل ہے جسے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے14سالہ طویل مقدمہ جھیلنا پڑا۔فلم میں عامر اپنے ماضی کے حالات کھولتا اور اپنے حال کے متعلق بتاتا نظر آتا ہے۔فلم گرینڈ انڈی وائس کنونشن2017میامی (امریکہ) میں شاندار مظاہرہ کر چکی ہے ۔اس کے علاوہ سائپرس فلم فیسٹویل،جے پور انٹرنیشنل فلم فیسٹویل،برلن ورلڈ انٹرنیشنل فلم فیسٹویل،اورووائل فلم فیسٹویل،چھتر پتی شیواجی انٹرنیشنل فلم فیسٹویل،کشمیر ورلڈ انٹرنیشنل فلم فیسٹویل کے لئے منتخب ہو چکی ہے۔
منشیات مخالف مہم 6افراد عدالتی تحویل میں
راجوری //پولیس نے منشیات مخالف مہم جاری رکھتے ہوئے چھ افراد کوحراست میں لینے کے بعد انہیں عدالتی تحویل میں دے دیاہے ۔پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ ان تمام افراد کودرہال اور تھنہ منڈی سے 107, 151, 110سی آر پی سی کے تحت حراست میں لیاگیا ۔ان کی شناخت امتیاز احمد ولد مقبول حسین ساکن وارڈ نمبر دس تھنہ منڈی ، عامر محمد ولد غلام محمد ساکن بارہمولہ ، امتیاز علی ولد علی محمد ساکن کریوٹ تھنہ منڈی ، سورب کمار ولد منوج کمار ساکن جواہر نگر راجوری ، منور حسین شاہ ولد خلیل حسین شاہ ساکن سوانی راجوری اور رفاقت حسین ولد طالب حسین ساکن پروڑی کوٹرنکہ کے طور پر کی گئی ۔ان تمام کو ایگزیکٹو مجسٹریٹ راجوری کی ہدایت پر عدالتی تحویل میں رکھاگیاہے ۔
ریزرویشن کی بنیاد پر ترقی
اسد نعمانی نے حکومتی رویہ کو افسوسناک قرار دیا
پونچھ//گوجر بکروال ایمپلائز ایسو سی ایشن کے ریاستی صدر چوہدری محمد اسد نعمانی نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی کے احکامات کے باوجود چند اعلیٰ آفیسران پسماندہ طبقہ جات کو ان کے حقوق دینے سے محروم رکھ رہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں اسد نعمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے احکامات بھی جاری کئے لیکن اس کے باوجود آفیسران اپنی من مانی کر رہے ہیں۔ان کاکہناتھاکہ سپریم کورٹ کے حکم امتناعی کے باوجود اس کا عمل درآمد اب تک نہیں ہوا اور یہ سب ایک سازش کا حصہ ہے۔نعمانی نے کہا کہ مرحوم مفتی سعید کے دورِ حکومت میں ایس آر او 294لایا گیا تھا جس میں پسماندہ طبقہ جات کے حقوق کی پاسداری کے لئے قانون بنایا گیا اور اس کو ہی چیلنج کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ کہ حکومت کو اس فیصلہ کے خلاف جانا چاہئے تھا لیکن چند آفیسران نے اس فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس پر عمل کرنے میں دیر نہیں لگائی۔اسد نعمانی نے کہا کہ آرٹیکل 370کی حفاظت کے لئے پسماندہ طبقہ جات کے لوگ سپریم کورٹ گئے اور وہاں سے اس فیصلہ کے خلاف حکم امتناعی لایا لیکن پھر بھی اعلیٰ آفیسران اس پر عمل درآمد نہیں کروا پائے۔نعمانی نے کہا کہ اس سلسلہ میں وہ وزیر اعلیٰ ،چیف سیکریٹری سمیت کئی اعلیٰ آفیسران سے مل چکے ہیں لیکن نتیجہ کچھ بھی نہیں۔نعمانی نے کہا کہ اب اس طبقہ کے لوگوں کوایک بڑی اور فیصلہ کن لڑائی کے لئے تیار رہناچاہئے ۔۔
بیوپار منڈل اور بھاجپا وفد ڈپٹی کمشنر سے ملاقی
ناجائزتجاوزات مخالف مہم کی سراہنا کی
منیر خان
راجوری //راجوری بیوپار منڈل اور بھاجپا کے وفدنے ڈپٹی کمشنر راجوری شاہد اقبال سے ملاقات کرکے گزشتہ روز چلائی گئی ناجائزتجاوزات مخالف مہم کی سراہنا کی اور اس میں ہر طرح سے تعاون کا یقین دلایا ۔اس موقعہ پر راجیش گپتا نے کہا کہ ضلع انتظامیہ ڈپٹی کمشنر راجوری شاہد اقبال چودھری اور ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس کی سربراہی میں ایک بہتر سمت کی طرف گامزن ہے جو مفاد عامہ کے لئے سرعت کے ساتھ کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیوپار منڈل انتظامیہ کی اس مہم میں ہر طرح کا تعاون دے گی ۔ بھاجپا ضلع صدر دنیش شرمانے بھی ضلع انتظامیہ کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ مہم جاری رکھی جائے تاکہ قصبہ میں راستے ،سڑکیں اورغیر قانونی تجاوزات کو ہٹاکر راستے کھلے کئے جاسکیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام انتظامیہ کے اس کا م میں اپنا تعاون دیگی کیونکہ ایسا کرنا مفاد عامہ ہے ۔
کوٹرنکہ کیخلاف آر ایس ایس کا بیان افسوسناک
پہلے بلاور و بسوہلی سے اے ڈی سی ہٹانا چاہئے :مقامی عوام
منیر خان
راجوری //آر ایس ایس کی طرف سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ پوسٹ کیخلاف بیان بازی کو اس تنظیم کی دوغلی پالیسی قرار دیتے ہوئے کوٹرنکہ کی عوام نے کہا کہ اس پربات کرنے سے پہلے آر ایس ایس کو بسوہلی اور بلاور سے اے ڈی سی ہٹانے کی مانگ کرنی چاہئے ۔ کوٹرنکہ میں اس ضمن میں بلونت سنگھ کی قیادت میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں آر ایس ایس پر دوغلی پالیسی اپنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاگیا کہ کوٹرنکہ سے اے ڈی سی پوسٹ کی نظر ثانی کرنے کی سرکار کو سفارش کرکے دوغلی پالیسی کا مظاہرہ کیاگیاہے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے بلونت سنگھ نے کہا کہ آر ایس ایس کو سب سے پہلے بسوہلی اور بلاور سے اے ڈی سی ہٹانے کی مانگ کرنی چاہئے کیونکہ بسوہلی اور بلاور میں کوٹرنکہ سے قبل ہی اے ڈی سی دفاتر کھولے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ کوٹرنکہ کی عوام بسوہلی اور بلاور کے لوگوں کیخلاف نہیں لیکن آر ایس ایس کی بیان بازی کے بعد یہ بات منظر عام پر لانا ضروری ہوگیا تھایہ تنظیم کیسا نظریہ رکھتی ہے۔انہوںنے کہاکہ بدھل کے آخری علاقہ سے لوگوں کو ضلع ڈپٹی کمشنر کے دفتر تک پہنچنے کیلئے 140کلومیٹر کا سفر کرنا پڑتا تھا جس سے اس علاقے کے لوگوں کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی اس اے ڈی سی کے دائرہ میں کالاکوٹ کو رکھا گیا جو یہاں کے لوگوں کو ناقابل قبول ہے ۔ ان کاکہناتھاکہ اگر اسلسلے میں کوئی قدم اٹھانا ہی ہے تو سب سے پہلے بسوہلی اور بلاور سے اے ڈی سی کو ہٹانا چاہئے ۔
آنگن واڑی ورکروں کے مطالبات پورے کرنیکی مانگ
حسین محتشم
پونچھ//سماجی سیوا سوسائٹی نے آنگن واڑی ورکروں کی جائز مانگوں کو پوراکرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ان کی ملازمتیں با قاعدہ بنانے کے لئے حکومت واضح حکمت عملی مر تب کرے۔فوارہ گارڈن پونچھ میں دھرنا پربیٹھی آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں سے خطاب کرتے ہوئے سوسائٹی کے چیئرمین یوگل کشور اور دیگر کارکنان نے حکومت پر زور دیا کہ آنگن واڑی ورکروں کی ملازمتیں با قا عدہ بنانے کے لئے حکومت واضح پالیسی مرتب کرے۔انہوں نے کہا کہ آنگن واڑی ورکر بڑی محنت اور لگن کے ساتھ اپنا کام انجام دے رہی ہیں اس لئے حکومت کو ان کے ساتھ انصاف کرناچاہئے ۔انہوںنے کہاکہ ملازمین کی جانب سے احتجاج اور کام چھوڑ ہڑتال کی وجہ سے ان محکموں میں روزانہ کے کام کاج پر منفی اثر ات مر تب ہو رہا ہے جسکے نتیجے میں عوام کو پریشانیوں کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کارکنان کو 3500روپے ماہوار تنخواہ دی جاتی ہے جو بہت کم ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان ملازموں کی پنشن اسکیم بھی لاگو کی جائے۔اس دوران آنگن واڑی کارکنان نے اپنا احتجاج جاری رکھتے ہوئے فوارہ گارڈن سے ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر تک ایک ریلی بھی نکالی۔
مینڈھر میں سابق فوجیوں کا اجلاس
جا وید اقبال
مینڈھر//سابق فوجیوں کی ایک میٹنگ یادگار مینڈھر میں ہوئی جس دوران سابق فوجیوں اور ان کی بیوائوں نے بھی شرکت کی ۔ اس موقعہ پر میجر ضلع سینک ویلفیئر اور انکے ہمراہ محمد اقبال بھٹی اور ہرمیت سنگھ بھی موجودتھے۔خطبہ استقبالیہ حوالدار شمیم احمد صدر ضلع ایکس سرور مین نے پیش کیا اور سابق فوجیوں کے مسائل کو بھی اجاگر کیا ۔ میٹنگ کے د وران حال ہی میں سبکدوش ہونے والے سابق فوجیوں کو شناختی کارڈ جاری کئے گئے ۔اس موقعہ پر آفیسروں نے ان کو سمارٹ کارڈ کے بارے میںجانکاری دی اور کینٹین کارڈ بھی جاری کئے ۔ آفیسروں نے یقین دلایا کہ سابق فوجیوں اور بیوائوںکے تمام مسائل حل کئے جائیںگے ۔ آخر میںحوالدار شمیم احمد ضلع صدر نے آفیسروںکا شکریہ ادا کیا ۔میٹنگ میں ریٹائرڈ کیپٹن محمد رزاق ،ریٹائرڈ کیپٹن محمد ایوب،ریٹائرڈ کیپٹن محمد صدیق،کیپٹن صید محمد،حوالدار محمد ریاض،حوالدار محمد سرور خان،حوالدار ذاکر حسین،صوبیدار راج محمد،صوبیدار محمد ایوب،کیپٹن محمد لطیف وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
’امن نہیں تو سرحدی علاقے خالی کردیئے جائیں ‘
جا وید اقبال
مینڈھر//پیر پنجال عوامی پارٹی کے سر پرستِ اعلیٰ ایڈووکیٹ راجہ محمد عباس خان اور صدر ایڈووکیٹ چوہدری محمد یونس چوہان نے بالاکوٹ میں گولہ باری سے ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیاکہ ورثاء کو دس دس لاکھ روپے بطور معاوضہ دیاجائے اور سرکاری ملازمت بھی دی جائے۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کے حکمران آپسی گفت وشنید سے امن اور عوامی راحت کی راہ ہموار کریں تاکہ زمینی تنازعہ میں زمین پر بسنے والی رونق کو برباد ہونے سے محفوظ رکھاجاسکے۔انہوںنے کہاکہ اس عظیم کارنامے کے لئے دونوںممالک کے حکمران طبقہ کے اخلاص کی ضرورت ہے ۔انہوںنے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ ریاست جموں وکشمیر کے سرحد پر بسنے والے تمام افراد کے لئے جموں میں کالونیاں بنائی جائیں تاکہ ریاست بھر کے متاثرین امن سے زندگی بسر کرسکیں۔انہوںنے کہاکہ سرحد پر بسنے والے بچوں کی تعلیم ختم ہوگئی ہے اور انہیں پڑھائی کا موقعہ ہی نہیں مل رہا۔ انہوںنے کہاکہ اگر ہمیشہ کی طرح امن قائم کرنے میں حکومت ناکام ہوجائے تو پھر ریاست کے سرحدی علاقے خالی کراکے جنگ کامحاذ کھولاجائے اور دونوں ممالک کے حکمران زور آزمائی کرلیں۔
منجاکوٹ اور تھنہ منڈی کیلئے ADCپوسٹ کامطالبہ
راجوری //یوتھ نیشنل کانفرنس کارکنان نے منجاکوٹ اور تھنہ منڈی کیلئے بھی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی پوسٹ کا اعلان کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ ضلع انتظامیہ راجوری کی طرف سے چلائی جارہی ناجائز تجاوزات مخالف مہم قابل سراہناہے ۔پریس کلب راجوری میں ایک پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے توصیف اعظم و دیگر کارکنان نے کہاکہ حکومت فوری طور پر منجاکوٹ اور تھنہ منڈی کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پوسٹ کا اعلان کرے کیونکہ دونوں علاقے پسماندہ ہیں ۔انہوںنے ایس پی اوز کی مستقلی کی مانگ کرتے ہوئے کہاکہ یہ ملازم بہت ہی کم تنخواہ پر کام کررہے ہیں جن کے ساتھ انصاف کیاجاناچاہئے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر حکومت ایسے مسائل حل نہیں کرسکتی تو ریاست میں گورنر راج نافذ کیاجائے ۔
پونچھ میں عازمین حج کاتربیتی پروگرام
پونچھ //پونچھ ڈاک بنگلہ میں ان عازمین حج کیلئے میٹنگ رکھی گئی جن کی فلائٹ ممبئی سے ہے ۔اس دوران انہیں حج کے سفر کے سلسلے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔عازمین حج کو یہ بھی کہاگیاکہ اگر وہ اپنی فلائٹ ممبئی کے بجائے سرینگر سے کروانا چاہتے ہوں تو ایسا کیاجانا ممکن ہے ۔اس تربیتی پروگرام میں مینڈھر سے بھی بڑی تعداد میں عازمین نے شرکت کی ۔ انہوںنے کہاکہ آئندہ ہر تحصیل میں میٹنگ منعقد کی جائے اور انہیں ضلع صدر دفتر نہ مدعو کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ یہ تربیتی پروگرام مینڈھر کے عازمین حج کیلئے مینڈھر میں ،سرنکوٹ کے عازمین کیلئے سرنکوٹ اور پونچھ کے عازمین کیلئے پونچھ میں ہوناچاہئے ۔