ترقیاتی کاموں میں بے ضابطگیوں کا الزام
جا وید اقبال
مینڈھر// بالاکوٹ کے لو گو ں نے محکمہ دیہی تر قی کے ملا زمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہاں ہوئے اکثر کاموںمیں بے ضابطگیاں کی گئی ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ بالاکوٹ میں 2017-18کے دوران ہوئے کاموں کی جانچ ہونی چاہئے کیونکہ چند لوگوںنے محکمہ کے ملازمین کی ملی بھگت سے جعلی کام کروائے ہیں جن کے فرضی بل بناکر پیسے بھی نکالے جارہے ہیں ۔محمد رزاق ، محمد خان، مشتا ق احمد اور فضل محمود کا کہنا ہے کہ محکمہ دیہی تر قی کے ملا زمین نے اثر ورسوخ رکھنے والے لو گو ں کو کا م دیکر جعلی بل بنو ارکھے ہیں جو 31ما رچ کا انتظار کر رہے ہیںتاکہ پیسے نکالے جاسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عام لو گ محکمہ دیہی تر قی کے دفتر کے چکر کا ٹ کا ٹ کر تھک گئے ہیں لیکن محکمہ کے ملا زمین ان کو کوئی بھی چھو ٹا مو ٹا کام دینا گوارہ نہیں سمجھتے ۔انہوںنے کہاکہ کاموں میں بندر بانٹ کی جارہی ہے ۔انہوںنے متعلقہ وزیر سے اپیل کی کہ بالاکوٹ میں ہوئے کاموں کی تحقیقات ویجی لینس سے کروائی جائے نہیں تو وہ احتجاج کاراستہ اختیار کریںگے ۔
انجمن روداد بشر کا اجلاس منعقد
سرنکوٹ //انجمن روداد بشر کا ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔اس موقعہ پر مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ یہاں جاری بیان کے مطابق مقررین نے متعدد اسکیموں کی عمل آوری میں ہیراپھیری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ رشوت خوری کا اڈہ بن چکی ہے۔انہوںنے کہا کہ بوائز ہائراسکینڈری سکول سرنکوٹ میں دو اہم مضامین انگریزی اور ریاضی کے لیکچرار ہی موجود نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ دیہی ترقی کے تحت چل رہی سکیموں میں رشوت خوری پائی جارہی ہے جس سے مزدور پیشہ افراد متاثر ہورہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اکتیس مارچ کو دیکھتے ہوئے ملازمین لوٹ کھسوٹ کررہے ہیں لیکن انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ اے ار ٹی او پونچھ کی طرف سے کرایہ ریٹ مقرر کئے گئے تھے تاہم اس پر عمل ہی نہیںہورہا اور اضافی کرایہ وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوںنے کہاکہ ایسے ملازمین کو تبدیل کیاجائے جو دس سے پندرہ سال سے ایک ہی جگہ بیٹھے ہوئے ہیں ۔اجلاس میں محمد عزیز خان ، بشارت علی ،عبدالکریم ،خواجہ عبدالغنی، خواجہ غلام قادر، نذیر احمد چوہان، عبدالرزاق خان،حمیدالحق ،الف دین، افطار حسین ،محمد اعظم اورجاوید چوہدری بھی موجود تھے ۔
ریت بجری کا اخراج
پولیس تھانہ سرنکوٹ میں کیس درج
سرنکوٹ //پولیس نے دریائے سرن سے غیر قانونی طور پر ریت اور بجری کے اخراج پر باضابطہ کیس درج کیاہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 34/2018کا کیس پولیس تھانہ سرنکوٹ میں درج کیاگیاہے ۔ ذرائع کاکہناہے کہ یہ کیس دریائے سرن سے غیر قانونی طور پر نکالی جارہی ریت او ربجری کے خلاف ہوئے کریک ڈائون کے بعد درج ہواہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ کریک ڈائون کے دوران کئی گاڑیوں کو ریت اور بجری نکالتے ہوئے پایاگیا ۔ذرائع کاکہناہے کہ ابھی تک اس سلسلے میں پندرہ گاڑیوں کی شناخت ہوئی ہے جبکہ باقی کی جانچ کی جارہی ہے ۔
سرنکوٹ کے محمد شفیع قریشی کا انتقال
سرنکوٹ //سرنکوٹ کے سہڑی چوہانہ علاقے کے سماجی کارکن محمد شفیع قریشی انتقال کرگئے ۔ وہ سہڑی چوہانہ کے وارڈ نمبر تین کے رہائشی تھے ۔ انہیں پیر کے روز آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا۔مرحوم کی نماز جنازہ میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔مرحوم شریف النفس،خدادوست اور نیک سیرت شخصیت کے مالک تھے۔وہ مقامی اردو روزنامے کے سب ایڈیٹر الطاف حسین جنجوعہ کی ہمشیرہ کے سسر تھے۔ان کی وفات پر متعدد سماجی و سیاسی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیاہے ۔
کارکنان آپس میں ہی الجھ پڑے
راجوری //پی ڈی پی کے راجوری میں یک روزہ کنونشن کے دوران پارٹی کارکنان آپس میں ہی الجھ پڑے اور ان میں تلخ کلامی بھی ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق کچھ کارکنان کھانے کے معاملے پر آپس میں الجھ پڑے اور ایک دوسرے کے درمیان زبردست تلخ کلامی ہوئی ۔یہ واقعہ کنونشن کے بعد ڈاک بنگلہ میں پیش آیا ۔ ذرائع نے بتایاکہ کارکنان میں گرم گفتاری اور تلخ کلامی ہوئی اور وہ ایک دوسرے کے ساتھ الجھ پڑے ۔ تاہم دیگر کارکنان نے مداخلت کرکے انہیں الگ الگ کیا اور حالات ٹھیک ہوئے۔
بدھل کو تحصیل کادرجہ نہ ملنے پر دھرنا
بدھل//بدھل کو تحصیل کادرجہ نہ دینے پر بدھل یونائیٹڈ فورم کے بینر تلے احتجاجی دھرنادیاگیا۔اس دوران مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ یہ بدھل کے لوگوں کی بدقسمتی ہے کہ اس علاقے کو تحصیل کادرجہ نہیں دیاگیا۔ انہوںنے کہاکہ سرکار نے 2014 میںایک حکمنامہ جاری کرکے اعلان کیاتھاکہ بدھل میں تحصیلدار تعینات کیاجائے گالیکن نہ جانے اس فیصلے پر عمل کیوں نہیںہوا۔ان کاکہناتھاکہ بدھل کو پچھلے ستر سال سے انصاف نہیں ملا ۔ان کاکہناتھاکہ پاکستان کے حق میں نعرے بازی کرنے والوں کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا درجہ بھی مل جاتاہے لیکن بدھل کے لوگوں کو نظرانداز کیاجارہاہے کیونکہ وہ ہندوستان زندہ باد کا نعرہ دیتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ تحصیل کادرجہ ملنے تک یہ دھرنا جاری رہے گا۔اس دھرنے میں فاروق انقلابی، وقار لون، منظور قاضی ،غلام محی الدین ،محمد لطیف وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
ڈی ایس پی کے تبادلے کیخلاف احتجاج
بختیا رحسین
سرنکوٹ //ڈی ایس پی سرنکوٹ کے تبادلے پر سرنکوٹ کے اقبال نگر میں مقامی لوگوںنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گھنٹہ تک روڈ بند رکھی ۔ ان کاکہناتھاکہ ایس ڈی پی او اصغر علی ملک کو سرنکوٹ میں ہی تعینات رکھاجائے اور ان کا تبادلہ نہ کیاجائے ۔ احتجاج کی قیادت عظیم خان کررہے تھے ۔اس موقعہ پر مظاہرین نے روڈ بند رکھ کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔ان کاکہناتھاکہ ڈی ایس پی نے منشیات کے خلاف کامیاب مہم چلائی اور نقب زنی کے ایسے ایسے معاملات حل کئے جو کبھی ماضی میں پوشیدہ رہتے تھے ۔انہوںنے کہاکہ موصوف نے عوام کے ساتھ بہتر تال میل قائم کرتے ہوئے لوگوں کے مسائل حل کئے ۔ان کاکہناتھاکہ حکومت اور پولیس سربراہ سے اپیل ہے کہ ان کو سرنکوٹ میں ہی تعینات رکھاجائے اور اس سلسلے میں جاری کیاجانے والا حکمنامہ واپس لیاجائے۔
اعجاز کی ڈی سی پونچھ تعیناتی
مینڈھر کے لوگوں میں خوشی کی لہر
جاوید اقبال
مینڈھر//دھرانہ مینڈھر سے تعلق رکھنے نوجوان آئی ا ے ایس افسر محمد اعجاز کی ڈپٹی کمشنر پونچھ کے طو پر تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے مینڈھر کے لوگوںنے خوشی کا اظہار کیاہے ۔ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جیسے ہی اعجاز کی پونچھ تعیناتی کا حکمنامہ جاری ہواتو مینڈھر کے لوگوں میں جیسے خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوںنے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید کا اظہار کیاکہ اب پونچھ ضلع میں بھی تعمیروترقی کے کام انجام پائیںگے ۔ انہوںنے کہاکہ پونچھ میں طویل مدت کے بعد ایک قابل افسر کو تعینات کیاگیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ اعجاز نے رام بن اور شوپیان میں ڈپٹی کمشنر کے طور پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اب پونچھ ضلع کے لوگوں کوان سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں ۔