بیروہ میں ٹریکٹر اُلٹنے کا شاخسانہ
کمسن بچہ دب کرلقمۂ اجل
ارشاداحمد
بڈگام//وانی ہامہ بیروہ میں ٹریکٹر الٹنے سے 10 سالہ بچہ موقع پرہلاک ہو گیا۔اطلاعات کے مطابق وانی ہامہ بیروہ میں ایک ٹریکٹر اُلٹنے سے اِس پر سوار عاقب حسین گنائی ولدغلام محمد ساکنہ ملہ شولہ بیروہ اِس کے نیچے آگیااور موقعہ پرہی اس کی موت ہوگئی۔مقامی لوگوں نے کافی مشقت کے بعد ٹریکٹر کے نیچے سے بچے کا نکالا۔پولیس نے موقعہ پرپہنچ کر قانونی لوازمات پورا کرکے لاش پسماندگان کے حوالے کی۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس بھی درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
چاڈورہ میں پولیس کے فالور کی نامعلوم افراد کے ہاتھوں مارپیٹ
بڈگام//ارشاداحمد//چاڈورہ میں پولیس کے ایک فالورکونامعلوم افراد نے پیٹ پیٹ کر ادھ مرا کرکے چھوڑدیا۔زخمی فالور کوسرینگر کے اسپتال میں داخل کیاگیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق ضلع پولیس لائنز بڈگام میں تعینات بشیراحمدمیر ولد اسداللہ ساکنہ نمتہ حال چاڈورہ کو سوموار شام کونامعلوم افراد نے روک کر اُس کی مارپیٹ کی اور جامہ تلاشی لیکر جیب میں موجودرقم کو چھننے کی کوشش کی لیکن اس موقعہ پر مقامی لوگ جمع ہوگئے جس کے نتیجے میں نامعلوم افراد فرارہوگئے۔زخمی بشیراحمد کوسب ضلع اسپتال چاڈورہ لیجایا گیا۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔قابل ذکر ہے کہ چاڈورہ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یہ دوسراواقعہ ہے جب نامعلوم افراد نے کسی شہری سے زبردستی رقم چھیننے کی کوشش کی۔
جموں کشمیرکے قانون کے طلبہ کیلئے خوشخبری
لیگل ٹرینی شپ پروگرام میں ایک سال کی توسیع
سرینگر//کارپوریٹ معاملوں کی مرکزی وزارت نے جموں کشمیر کے لاگریجویٹوں اور انڈرگریجویٹ طلبہ کیلئے لیگل ٹرینی شپ پروگرام میں ایک سال کی توسیع کی ہے۔اس سلسلے میں جموں کشمیر ہائی کورٹ سے منسلک AROCاوراسسٹنٹ آفیشل لیکویڈیٹرحامدبخاری نے تمام لااسکولوں اور یونیورسٹیوں کو مکتوب بھیجا ہے جس میں انہیں درخواست کی گئی کہ وہ چار یا پانچ طلاب کو اس پروگرام کیلئے نامزد کریں۔بخاری اپنے مکتوب میں اس کے لئے شرائط وضوابط کابھی ذکر کیا ہے۔بخاری نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلاپروگرام ہے جس میں جموں کشمیرکے قانون کے طلاب کو مرکزی حکومت اور جموں کشمیر سرکار کے دفاتر میں کام کرنے کا موقعہ ملے گااوروہ قانون کے نئے پہلو جیسے کارپوریٹ لاء اور کمپنیوں سے متعلق قوانین کی جانکاری سیکھ لیں گے۔
محنت کش سرکاری کی بہبودی اسکیموں سے فائدہ اُٹھائیں:منیرالاسلام
کپوارہ//جموں کشمیر بلڈنگس اینڈ ادرکنسٹرکشنزویلفیئر بورڈ کے سیکریٹری/ایگزیکیٹوافسرمنیرالاسلام نے منگلوار کو کپوارہ کا دورہ کرکے ضلع میں مزدورطبقے کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیا۔انہوں نے لیبرمحکمہ کے حکام کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا۔منیراسلام نے متعدد ٹریڈ یونین رہنمائوں کے ساتھ بھی گفت شنید کی ۔ٹریڈ یونین رہنمائوں نے انہیں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔اس موقعہ پرسیکریٹری نے مزدورطبقہ سے کہا کہ وہ حکومت کی طرف سے چلائی جارہی متعددبہبودی اسکیموں سے فائدہ اُٹھائیں۔ انہوں نے مختلف اسکیموں کے تحت چھ مستفیدین میں 9لاکھ32ہزارروپے مالیت کی چکیں بھی تقسیم کیں۔
کووِڈ- 19رہنماخطوط کی خلاف ورزیاں
۔3لاکھ 95ہزارروپے جرمانہ وصول
سرینگر//کووِڈ- 19کی دوسری لہر کو قابو کرنے کیلئے جموں کشمیر پولیس کی کوروناسے بچائو کیلئے جاری گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کے مرتکبین کے خلاف کارروائی جاری ہے.۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پولیس نے کورونارہنماخطوط کی خلاف ورزی کرنے پر12افراد کو گرفتار کیا جبکہ ایک ایف آئی آر بھی درج کیا گیا اوروادی بھر میں2904افراد سے کووِڈ گائیڈ لائنز کی پاسداری نہ کرنے پر395700روپے جرمانہ بھی وصول کیا۔جموں کشمیر پولیس نے ایک بیان میں عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا سے بچنے کیلئے جاری رہنما خطوط پر سختی سے عمل کریں تاکہ کووِڈ کے مزید پھیلنے کو روکا جائے۔کووِڈ- 19کوپھیلنے سے روکنے کیلئے پولیس کی مہم جموں کشمیرکے تمام اضلاع میں جاری رہے گی ۔
ہرویندر سنگھ نے ایس ڈی ایم اوڑی کا عہدہ سنبھالا
ہرویندر سنگھ نے ایس ڈی ایم اوڑی کا عہدہ سنبھالا
اوڑی//ظفر اقبال//ہرویندر سنگھ نامی آئی اے ایس افسر نے منگل کو سب ڈیوژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم)اوڑی کا عہدہ سنبھالا۔ عمومی انتظامی محکمہ (GAD)کے ایک حکم نامہ کے مطابق ہرویندر سنگھ کو ایس ڈی ایم اوڑی تعینات کیا گیا ہے ۔مذکورہ افسر کو سب رجسٹرار اوڑی کااضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔ چارج سنبھالنے کے بعدایس ڈی ایم نے اوڑی سب ڈیوژن کے سیول اور پولیس افسران کے ساتھ تعارفی میٹنگ کی جنہوں نے ایس ڈی ایم کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
سرمد حفیظ کا دورۂ کوکر ناگ
علاقے کو سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کی یقین دہانی
کوکر ناگ //سیکریٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ نے دورئہ کوکر ناگ کے دوران وہاں سیاحوں کیلئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا ۔ مقامی لوگوں اور زائرین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سرمد حفیظ نے کہا کہ حکومت کوکر ناگ کو اس کے مناسب وقار اور تاریخی حیثیت سے فروغ دینے کا ارادہ رکھتی ہے جس کیلئے متعدد اقدامات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوکر ناگ کو سونہ مرگ ، یوسمرگ ، دودھ پتھری کے سیاحتی مقامات کے طور پر ترقی دی جائے گی ۔ سرمد حفیظ نے کہا کہ حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ جموں و کشمیر کے تمام سیاحتی مقامات پر صفائی ستھرائی کو برقرار رکھا جائے گا جس کیلئے سیاحتی مقامات پر باقاعدگی سے صفائی مہم چلائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ مقامی افراد اور اسٹیک ہولڈروں کیلئے یکساں طور پر سیاحت کے مقامات کی ماحولیات کو برقرار رکھنے کیلئے آگاہی کیمپ لگائے جائیں گے ۔ اس موقعہ پر ڈائریکٹر سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، ڈائریکٹر سیاحت جموں وویکا نند رائے ، سی ای او کوکر ناگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور دیگر سینئر افسران کے علاوہ مقامی پی آر آئی کے ممبران بھی موجود تھے ۔
منہ کھر کی بیماری
آری پل ترال میںکئی مویشی ہلاک،عوام تشویش میں مبتلا
سید اعجاز
ترال//ترال کے آری پل تحصیل کے کئی دیہات میں ’منہ کھر‘نامی بیماری کے نتیجے میں کئی مویشی ہلاک ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مقامی لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ تحصیل کے ڈار گنائی گنڈ،درگڈ اور دیگر کئی دیہات میں گزشتہ کئی ہفتوں سے مویشی منہ کھر اور لونگ کی بیماری کی لپیٹ میں آئے ہیں جس کی وجہ سے یہ جانور نہ کھا سکتے ہیں اور نہ ہی چل پارہے ہیں ۔ نور پورہ ترال میں بھی مویشیوں کی ان بیماریوں کی لپیٹ میں آنے کی اطلاعات ہیں ۔اس صورتحال کی وجہ سے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ لوگوں نے اعلیٰ حکام سے اس سلسلے میں فوری اقدامات کی اپیل کی ہے ۔ادھر محکمہ اینمل ہسبنڈری حکام نے بیماری کی تصدیق کرتے ہوتے ہوئے بتایا کہ مختلف ٹیموں کو علاقے کی طرف روانہ کیا گیا ہے تاہم حالات قابو میں ہیں۔
سماج میں اساتذہ کا کردار اہم
سیکریٹری اعلیٰ تعلیم نے کتاب جاری کی
سرینگر//اِنتظامی سیکریٹری اعلیٰ تعلیم محکمہ ( ایچ ای ڈی ) سشما چوہان نے سول سیکرٹریٹ میں آنجہانی ڈاکٹر ستیہ پال وید کی تصنیف کردہ ’’ROLE OF TEACHER IS VITAL IN SOCIETY‘‘کے عنوان سے ایک کتاب جاری کی۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل سیکرٹری ایچ ای ڈی راکیش بڈیال ، ڈپٹی سیکرٹری ایچ ای ڈی وِکاس دھر بھگتی اور آنجہانی مصنف کے فرزند اَجے وید بھی موجود تھے۔کتاب میں قوم ، نوجوانوں اور تہذیب کے معماروں کے طور پر استاد کے کردار کے ساتھ ساتھ معاشرے میں ان کے کردار کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ کتاب میں متعدد ماہرین ، محققین اور بیوروکریٹس کے مضامین بھی شامل ہیں۔ یہ استاد کی طرف سے اساتذہ کو خراج تحسین ہے کیونکہ مصنف خود ٹیچنگ فیکلٹی سے تعلق رکھتے تھے۔ان کے بیٹے اجے وید خود مصنف ہونے کے ناطے مختلف موضوعات پر بھی کتابیں لکھ چکے ہیں اور انہوں نے حال ہی میں ‘Beyond alcoholism & Drug addiction’, ‘Self employability/employability skills' and ‘Think big and positive'جاری کی ہے۔
آری پل میں قبرستان کے بیچوں بیچ راستہ نکالنے پر لوگ برہم
سید اعجاز
آری پل//آری پل ترال کے صوفی گنڈ علاقے میں ایک زیارت شریف،مسجد اور عید گاہ تک پہنچنے کے لئے محکمہ آر اینڈ بی ایک سڑک تعمیر کر رہا ہے تاہم لوگوں کا کہنا ہے کہ سٹرک ایک مقام پر قبرستان کے بیچوں بیچ گزرتی ہے جس پر مقامی لوگوں نے برہمی کا اظہار کیا۔ خانہ گنڈ نامی گائوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے مطابق آراینڈ بی محکمہ سڑک کی تعمیر کیلئے قبرستان کی زمین استعمال میں لارہی ہے۔انہوں نے بتایا ’’ہم سڑک کی تعمیر کے خلاف نہیں ہیں لیکن انتظامیہ اور محکمہ آر اینڈ بی کے پاس متبادل جگہ موجود ہے جہا ں سے وہ راستہ نکال سکتے ہیں ‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ قبرستان کی بے حرمتی برداشت نہیں کریں گے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ترال شبیر احمد رینہ نے بتایاکہ سڑک کی تعمیر سے یہاںکی دونوں بستیوں کے لوگوں کو قبرستان تک پہنچنے میں آسانی ہو گی جو زیارت گاہ سے سے بھی آگے واقع ہے ۔انہوں نے بتایا کہ قبرستان سے ایک چھوٹے پاتھ کو تعمیر کریں گے جہاں سے ایک ٹاٹا موبائل چل سکے گا اوراگر کہیں کوئی قبر آئے گی تو وہیں پر کام روک دیا جائے گا۔
ہرویندر سنگھ نے ایس ڈی ایم اوڑی کا عہدہ سنبھالا
ہرویندر سنگھ نے ایس ڈی ایم اوڑی کا عہدہ سنبھالا
ظفر اقبال
اوڑی//ہرویندر سنگھ نامی آئی اے ایس افسر نے منگل کو سب ڈیوژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم)اوڑی کا عہدہ سنبھالا۔ عمومی انتظامی محکمہ (GAD)کے ایک حکم نامہ کے مطابق ہرویندر سنگھ کو ایس ڈی ایم اوڑی تعینات کیا گیا ہے ۔مذکورہ افسر کو سب رجسٹرار اوڑی کااضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔ چارج سنبھالنے کے بعدایس ڈی ایم نے اوڑی سب ڈیوژن کے سیول اور پولیس افسران کے ساتھ تعارفی میٹنگ کی جنہوں نے ایس ڈی ایم کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
منشیات مخالف مہم
سمبل میں شہری گرفتار،فکی اور برائون شوگر برآمد
عازم جان
بانڈی پورہ//پولیس نے سمبل میںمنشیات مخالف مہم کے دوران ایک شہری کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں نشیلی اشیاء کو برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سمبل پولیس نے مصدقہ اطلاع ملنے پر ایک ناکہ کے دوران ونگی پورہ سمبل میں محمد رفیق ساکن ننی نار کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے فکی اور 1.5گرام برائون شوگر برآمد کیا ہے۔اس سلسلے میں سمبل تھانہ میں ایف آئی آر نمبر 85/2021undersection ndpsکیس درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور کووڈ -19
ڈائٹ سوپور میںسمینار کا انعقاد
غلام محمد
سوپور//ڈسٹرکٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ڈی ای ای ٹی) سوپور نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور پرویز سجاد کے ساتھ بطور مہمان خصوصی ’ڈیزاسٹر منیجمنٹ اینڈ کووڈ -19 ‘کے عنوان سے ایک سمینار/ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ پروگرام میں انچارج پرنسپل ڈی آئی ای ٹی سوپور نذیر احمد ریشی ، صدرایجیک محمد رفیق راتھر ، زونل ایجوکیشن افسران ، مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہ ، ماہرین تعلیم ، محکمہ تعلیم کے دیگر ممتاز کارکنوں نے شرکت کی۔اس موقع پر موضوع پر لیکچرپیش کیا گیا جس میں وبائی امراض کے صحیح انتظام سے متعلق متعدد پہلوؤں پر جامع بحث کی گئی اور غور و خوض کیا گیا۔مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں منتظمین کو اس طرح کی ورکشاپ کے انعقاد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ 19 کے پھیلنے کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات نے ہمیں کچھ نتیجہ خیز اسباق سکھائے جو مستقبل کی صورتحال کو روکنے میں ہماری مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وبا سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے دوران مختلف اسٹیک ہولڈرز اور حکام مشترکہ کوششیں کررہے ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں اس طرح کی آفات سے نمٹنے کے لئے متعدد ایجنسیوں سے رجوع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اپنی پارٹی کامہاجرپنڈت کیمپوں کیلئے نئے صدورکا تقرر
سرینگر // اپنی پارٹی نے منگل کو صوبہ کشمیر میں پنڈت کیمپوں کے صدور کے لئے جزوی ترمیم کا اعلان کیا۔ان نئی تقرریوں کی تجویز صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر نے کی تھی اور جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری کی منظوری کے بعد ریاستی سکریٹری منتظر محی الدین کی مشاورت سے تشکیل دی گئی تھی۔بیان کے مطابق پشپا پنڈتا صدر ویسو کیمپ اورویر جی بھٹ صدرہال کیمپ ہونگے۔اس دوران پارٹی نے سرینگر کیلئے دو ضلعی باڈی ممبروں کی تقرری کا اعلان کیا۔ان تقرریوں کی تجویز صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر نے ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ سے مشاورت سے کی تھی اور پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کی منظوری کے بعد دیا گیا تھا۔بیان کے مطابق جن دو افراد کی تقرری عمل میں لائی گئی ان میں ملک آفتاب اور بلال احمد بٹ شامل ہیں۔
شوپیاں میں ضلع ماحولیات منصوبے کا جائزہ لیا گیا
شوپیان //ضلع ایڈیشنل ڈیولپمنٹ کمشنر محمد یوسف میر کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ میں ضلع شوپیاں کے ضلعی ماحولیاتی منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) ، شوپیاں ، مشتاق احمد سمنانی بھی موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع میں ماحولیاتی آلودگی کی تشخیص اور نگرانی کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلان کے بارے میں متعلقہ افسران سے ضلع میں ٹھوس کچرے کی ڈمپنگ کیلئے لینڈ فل سائٹس کی نشاندہی اور ان کے قیام کے لئے تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی۔متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ قصبے میںکچرے کے انتظام کے لئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کے قیام کے لئے ڈی پی آر تیار کریں۔ ان سے کہا گیا کہ وہ بنیادی سطح پر آلودگی پر قابو پانے کے لئے قصبے کے ساتھ ساتھ ضلع کے پنچایت حلقہ میں بھی کچرا اکٹھا کرنے کو یقینی بنائیں۔متعلقہ افسران سے میڈیکل اور بائیو میڈیکل کچرے کو ضائع کرنے سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی گئی۔ ہیلتھ افسران سے کہا گیا کہ وہ گھروں میں میڈیکل اور بائیو میڈیکل کچرے کو ضائع کرنے کا پلانٹ لگائیں۔ضلع کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک رکھنے کے لئے کسی مناسب جگہ پر ضائع ہونے والے تالاب اور ضلع میں دریا کے کنارے تجاوزات مسمار کرنے پر زور دیا گیا۔ضلع میں پودے لگانے اور مٹی کے تحفظ کے منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے ، افسر نے ڈی ایف او سے کم سے کم وقت میں کٹاؤ سے نکالے جانے والے کل جنگلات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی۔